ہنہ اوڑک اور زیارت سانحات؛ خوشحال خان کاکڑ کا قائمہ کمیٹی داخلہ میں شدید احتجاج اور شفاف تحقیقات کا مطالبہ


اسلام آباد(ڈیلی قدرت نیوز)قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی کے چیئرمین اور رکنِ قومی اسمبلی خوشحال خان کاکڑ نے پشتونخوا وطن میں بڑھتی ہوئی بدامنی، دہشت گردی، مسلح جتھوں کی سرگرمیوں اور امن و امان کی ابتر صورتحال پر تفصیلی گفتگو کرتے ہوئے اپنی جماعت کے مؤقف سے کمیٹی کو آگاہ کیا۔
خوشحال خان کاکڑ نے کمیٹی اراکین کو ہنہ اوڑک اور ضلع زیارت میں پیش آنے والے حالیہ دہشت گردی، وحشت و بربریت اور خونریز واقعات کی تفصیلات سے آگاہ کیا، جن میں متعدد بے گناہ شہری، پولیس اہلکار اور مقامی افراد شہید ہوئے، جبکہ کئی افراد تاحال لاپتہ ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ان افسوسناک سانحات نے نہ صرف متاثرہ خاندانوں بلکہ پورے پشتونخوا وطن کو شدید غم، تشویش اور عدم تحفظ کی کیفیت سے دوچار کر دیا ہے۔ دہشت گردوں اور مسلح شدت پسند گروہوں نے مختلف علاقوں میں نہ صرف عوام کی جان و مال کو نشانہ بنایا بلکہ خوف و ہراس کی فضا بھی قائم کر دی ہے۔
انہوں نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس سنگین صورتحال کے باوجود متعلقہ اداروں کی جانب سے دہشت گردوں، مسلح جتھوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف مؤثر، بروقت اور فیصلہ کن کارروائی دیکھنے میں نہیں آ رہی، جس کے باعث عوام میں شدید بے چینی اور عدم اعتماد پیدا ہو رہا ہے۔ ریاست کی اولین آئینی ذمہ داری عوام کے جان و مال کا تحفظ اور امن و امان کا قیام ہے، تاہم موجودہ حالات اس امر کی غمازی کرتے ہیں کہ متعلقہ ادارے اس بنیادی ذمہ داری کی ادائیگی میں ناکام دکھائی دیتے ہیں۔
خوشحال خان کاکڑ نے شہریوں کے تحفظ اور قانون کی بالادستی کو یقینی بنانے کے لیے فوری اقدامات کو ناگزیر قرار دیتے ہوئے قائمہ کمیٹی سے پرزور مطالبہ کیا کہ:
ہنہ اوڑک اور زیارت کے تمام واقعات کی شفاف، غیر جانبدار اور جامع تحقیقات کرائی جائیں۔
شہداء کے ورثاء کو فوری انصاف، مناسب معاوضہ اور ہر ممکن حکومتی معاونت فراہم کی جائے۔
تمام لاپتہ افراد اور مغویوں کی فوری، محفوظ اور باعزت بازیابی کو یقینی بنایا جائے۔
دہشت گردوں، ان کے سہولت کاروں اور مسلح گروہوں کے خلاف بلاامتیاز اور فیصلہ کن کارروائی عمل میں لائی جائے۔
پشتونخوا وطن میں امن و امان کی بحالی اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے کے لیے ایک جامع، مؤثر اور دیرپا حکمتِ عملی اختیار کی جائے۔
انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ پشتونخوا نیشنل عوامی پارٹی، پشتونخوا وطن میں پائیدار امن، عوام کے جان و مال کے تحفظ، قانون کی بالادستی اور آئینی و جمہوری حقوق کے حصول کے لیے اپنی سیاسی، جمہوری اور آئینی جدوجہد ہر سطح پر جاری رکھے گی۔

WhatsApp
Get Alert