بلوچستان عوامی پارٹی کا شہداء کے سوگ میں تین روزہ یومِ سوگ منانے کا اعلان


کوئٹہ(ڈیلی قدرت نیوز)بلوچستان عوامی پارٹی (بی اے پی) کے مرکزی رہنما اور سابق چیئرمین سینیٹ میر محمد صادق خان سنجرانی نے پارٹی کے مرکزی صدر نوابزادہ خالد حسین مگسی اور سیکرٹری جنرل سینیٹر منظور احمد خان کاکڑ سے باہمی مشاورت کے بعد حالیہ دہشت گردی کے واقعات میں شہید ہونے والے مسلح افواج، ایف سی، پولیس اہلکاروں اور بے گناہ شہریوں کو خراجِ عقیدت پیش کرنے کے لیے تین روزہ یومِ سوگ منانے کا اعلان کیا ہے۔
جاری کردہ اعلامیے کے مطابق، بلوچستان عوامی پارٹی نے ملک میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ پارٹی کی مرکزی قیادت نے شہداء کی عظیم قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے فیصلہ کیا ہے کہ ان کی یاد، احترام اور اہلِ خانہ سے اظہارِ یکجہتی کے لیے پارٹی کی سطح پر تین روزہ یومِ سوگ منایا جائے گا۔
اس سلسلے میں بلوچستان عوامی پارٹی کے تمام ضلعی صدور، جنرل سیکرٹریوں اور تنظیمی عہدیداران کو ہدایات جاری کر دی گئی ہیں کہ وہ اپنے اپنے اضلاع میں تین روزہ سوگ منائیں، پارٹی دفاتر پر پرچم سرنگوں رکھیں اور تمام غیر ضروری تقاریب اور جشن کی سرگرمیاں مؤخر کر دیں۔ اس کے علاوہ شہداء کے ایصالِ ثواب، ملکی سلامتی، امن و استحکام اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے خصوصی دعاؤں کا اہتمام کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
میر محمد صادق خان سنجرانی نے اپنے بیان میں کہا کہ پوری قوم اپنے شہداء کی قربانیوں کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ پاکستان کے بہادر سپاہیوں، ایف سی، پولیس اہلکاروں اور معصوم شہریوں نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں لازوال قربانیاں دی ہیں جن پر پوری قوم کو فخر ہے۔ انہوں نے عزم کا اظہار کیا کہ بلوچستان عوامی پارٹی شہداء کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور دہشت گردی کے خاتمے اور ملک کے امن و استحکام کے لیے کی جانے والی ہر ممکن قومی کوشش کی بھرپور حمایت جاری رکھے گی۔

WhatsApp
Get Alert