پٹرول سستا ہو تو خاموشی، ذرا سا مہنگا ہو تو پورا بوجھ عوام پر!

حکومت نے اپنا مارجن بڑھانے کیلئے پٹرول پر لیوی میں 9 روپے 64 پیسے کا بھاری اضافہ کردیا


اسلام آباد(قدرت روزنامہ)وفاقی حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے ساتھ ساتھ پٹرول پر عائد پٹرولیم لیوی میں بھی اضافہ کردیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق وفاقی حکومت نے پٹرول پر فی لٹر لیوی میں 9 روپے 64 پیسے کا اضافہ کیا ہے، اس اضافے کے بعد پٹرولیم لیوی کی شرح ایک بار پھر 80 روپے فی لٹر تک پہنچ گئی ہے، جبکہ اس سے قبل یہ شرح 70 روپے 36 پیسے فی لٹر تھی۔
بتایا گیا ہے کہ وفاقی حکومت نے ہائی اسپیڈ ڈیزل پر پٹرولیم لیوی کی پرانی شرح کو برقرار رکھا ہے، جس کے بعد ہائی اسپیڈ ڈیزل پر فی لٹر پٹرولیم لیوی 70 روپے 82 پیسے ہی رہے گی، ذرائع کا کہنا ہے کہ پٹرولیم لیوی میں اس اضافے کے باعث عوام پر مالی بوجھ مزید بڑھے گا کیونکہ لیوی پٹرولیم مصنوعات کی مجموعی قیمت پر براہِ راست اثر انداز ہوتی ہے۔ واضح رہے کہ حکومت نے پٹرول کی فی لٹر قیمت میں 13 روپے 18 پیسے کا بڑا اضافہ کر دیا ہے، اس اضافے کے بعد پٹرول کی نئی قیمت 310 روپے 71 پیسے مقرر کر دی گئی، جب کہ ڈیزل کی فی لٹر قیمت میں 13 روپے 80 پیسے کا اضافہ کیا گیا، جس کے بعد ڈیزل کی نئی قیمت 323 روپے 30 پیسے مقرر کر دی گئی ہے۔

WhatsApp
Get Alert