گوادر پورٹ پر پہلا کامیاب کمرشل بنکرنگ آپریشن مکمل، پاکستان نے سمندری تجارت میں تاریخی سنگِ میل عبور کر لیا


گوادر(قدرت روزنامہ) گوادر پورٹ نے پاکستان کی بحری اور تجارتی تاریخ میں ایک اہم سنگِ میل عبور کرتے ہوئے اپنا پہلا کامیاب کمرشل بنکرنگ آپریشن مکمل کر لیا۔ اس کامیابی کے ساتھ گوادر پورٹ بین الاقوامی بحری جہازوں کو کارگو ہینڈلنگ کے ساتھ ساتھ بنکرنگ (ایندھن کی فراہمی) کی سہولت فراہم کرنے والا ایک اہم میری ٹائم ہب بن گیا ہے۔
حکام کے مطابق اس کامیاب آپریشن کے دوران بین الاقوامی ایل این جی کیریئر “LNG ENUGU” کو گوادر پورٹ پر 2,500 میٹرک ٹن ایندھن فراہم کیا گیا۔ یہ جہاز قطر انرجی، ایڈنوک (ADNOC) اور وٹول (Vitol) کے اشتراک سے آپریٹ کیا جا رہا ہے۔
یہ بنکرنگ آپریشن گوادر پورٹ اتھارٹی (GPA)، نیشنل لاجسٹکس کارپوریشن (NLC)، گوادر انٹرنیشنل ٹرمینلز لمیٹڈ (GITL) اور وٹول ایشیا کی مشترکہ کاوشوں سے کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا، جسے گوادر پورٹ کی آپریشنل صلاحیتوں اور عالمی معیار کی خدمات کا عملی مظہر قرار دیا جا رہا ہے۔
ماہرین کا کہنا ہے کہ گوادر میں کمرشل بنکرنگ سروسز کے باقاعدہ آغاز سے پاکستان کی بلیو اکانومی کو فروغ ملے گا، جبکہ ملک کے لیے زرمبادلہ کمانے اور نئی آمدنی کے ذرائع پیدا ہوں گے۔ اس کے ساتھ ساتھ بندرگاہ پر لاجسٹکس، میرین سروسز، شپنگ اور دیگر متعلقہ شعبوں میں سرمایہ کاری کے امکانات بھی روشن ہوں گے۔
حکام کے مطابق اس پیش رفت سے گوادر پورٹ پر عالمی شپنگ کمپنیوں کا اعتماد مزید مضبوط ہوگا اور مستقبل میں مزید بین الاقوامی تجارتی و توانائی بردار جہاز گوادر سے بنکرنگ سروسز حاصل کریں گے، جس سے بندرگاہ کی تجارتی سرگرمیوں میں نمایاں اضافہ متوقع ہے۔
انہوں نے کہا کہ چین پاکستان اقتصادی راہداری (سی پیک) کے وژن کے تحت گوادر کو علاقائی تجارت، توانائی اور بحری نقل و حمل کا مرکز بنانے کی جانب یہ ایک اہم پیش رفت ہے۔ اس کامیابی سے نہ صرف پاکستان کی سمندری تجارت کو نئی جہت ملے گی بلکہ بلوچستان خصوصاً گوادر میں روزگار، سرمایہ کاری اور معاشی سرگرمیوں کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔
حکام نے اس کامیاب آپریشن کو گوادر پورٹ کی ترقی، پاکستان کی میری ٹائم معیشت کے استحکام اور خطے میں ملک کے بڑھتے ہوئے تجارتی کردار کی جانب ایک تاریخی پیش رفت قرار دیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert