آئی سی سی کا سلو اوور ریٹ کی سزا گرائونڈ پر ہی دینے کا اعلان

لاہور (قدرت روزنامہ) انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے ٹی ٹونٹی فارمیٹ میں پلیئنگ کنڈیشنز کا اعلان کر دیا ہے۔ تمام مینز اور ویمنز ٹی ٹونٹی مقابلوں میں سلو اوور ریٹ پر جرمانہ لگایا جائے گا اور اختیاری مشروبات اننگز کے وسط میں دستیاب ہوں گے، نئے قوانین کا نفاذ اسی ماہ سے ہو گا۔ اوور ریٹ کے قوانین پلیئنگ کنڈیشنز کی شق 13.8 میں شامل ہیں جس میں کہا گیا ہے کہ فیلڈنگ ٹیم کو مقررہ وقت کے اندر اننگز کے آخری اوور کی پہلی گیند پھینکنے کی پوزیشن میں ہونا چاہیے اور اگر یہ ممکن نہ ہو تو اسے بقیہ اننگز میں 5 کی جگہ صرف 4 فیلڈر 30 گز کے دائرے سے باہر رکھنے کی اجازت ہوگی۔
یہ ترامیم آئی سی سی کرکٹ کمیٹی کی جانب سے آنے والی تجاویز کی روشنی میں کی گئیں جہاں ان تبدیلیوں پر تبادلہ خیال کے لیے ایک اجلاس منعقد کیا گیا جو کھیل کو مزید دلچسپ بناسکیں۔

ای سی بی کے زیر اہتمام ہنڈریڈ مقابلے میں مذکورہ قوانین کو آزمایا گیا تھا اور آئی سی سی اس ماڈل کو نقل کرنے کے لیے تیار ہے۔ میچ میں سزائیں آئی سی سی کے ضابطہ اخلاق کے آرٹیکل 2.22 میں درج سلو اوور ریٹ کے جرمانے کے علاوہ ہیں جو پلیئرز اور پلیئر سپورٹ پرسنل کے لیے کوئی تبدیلی نہیں کی جائیں گی۔

مزید برآں سیریز شروع ہونے سے پہلے ٹیموں کے اتفاق رائے کے بعد ہر اننگز کے وسط میں دو منٹ اور تیس سیکنڈ کے اختیاری مشروبات کا وقفہ استعمال کیا جا سکتا ہے۔ نئے قوانین کے مطابق مردوں کا پہلا میچ 16 جنوری کو جمیکا کے سبینا پارک میں ویسٹ انڈیز اور آئرلینڈ کے درمیان ہوگا اور 18 جنوری کو سنچورین میں جنوبی افریقہ اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ٹی ٹونٹی میچ خواتین کا پہلا میچ ہو گا۔