سنجے منجریکر کا بھارتی باؤلنگ اٹیک کا وقاریونس، وسیم اکرم اور شعیب اختر سے موازنہ

سنچورین (قدرت روزنامہ) بھارتی کمنٹیٹر سنجے منجریکر نے ہندوستان کی موجودہ باؤلنگ لائن اپ جسپریت بمراہ، محمد سراج اور محمد شامی کا موازنہ پاکستان کی تاریخی فاسٹ بائولنگ جوڑی سے کیا ہے۔ ہندوستانی تیز گیند بازوں نے جنوبی افریقہ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میچ میں اپنی اتھارٹی پر مہر ثبت کی جہاں کے ایل راہول کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا لیکن تیز گیند بازوں نے ہندوستان کو فتح دلانے میں اہم ترین کردار ادا کیا۔
محمد شامی سب سے بہترین بائولر رہے کیونکہ انہوں نے 8 وکٹیں حاصل کیں جس میں پہلی اننگز میں پانچ وکٹیں بھی شامل تھیں ۔ ایک کرکٹ ویب سائٹ سے گفتگو کرتے ہوئے سنجے منجریکر کا کہنا تھا کہ ایک چیز جو حالیہ 5،6 سالوں میں ہندوستانی ٹیم کے لئے بدلی ہے اور جس وجہ سے بھارتی ٹیم اب بیرون ملک ٹیسٹ میچز بھی جیت رہی ہے وہ یہ ہے کہ ہندوستان کے پاس اب تین عالمی معیار کے فاسٹ باؤلرز موجود ہیں۔

سنجے منجریکرکا کہنا تھا کہ اگر آپ ٹیسٹ کرکٹ کی تاریخ پر نظر ڈالیں تو پہلے جب پاکستان اپنے ملک سے باہر جیتتا تھا تو ان کے پاس بھی 3 ورلڈ کلاس پیسر تھے اور اب بھارت بھی خود کو اسی حالت میں پاتا ہے، یہ ہندوستانی کرکٹ کے لیے اچھے اشارے ہیں۔ پاکستان نے اپنے فاسٹ بائولنگ اٹیک کے بل بوتے پر عالمی کرکٹ پر غلبہ حاصل کیا جس میں وسیم اکرم، وقار یونس اور شعیب اختر شامل تھے۔ آج تک یہ تینوں کھیل کی تاریخ میں سب سے زیادہ بے رحم اور خوف ناک بولنگ اٹیک میں سے ایک ہیں۔