اورماڑہ کے قریب گرکر تباہ ہونے والے طیارے کے کپتان، فلائٹ انجینئر کی غائبانہ نماز جنازہ ادا

اوڑماڑہ (قدرت روزنامہ)نجی کمپنی کے ٹو ائیرویز کے اورماڑہ میں گرکر تباہ ہونے والےکارگو طیارےکےکپتان رضوان ادریس اور فلائٹ انجینئیر محمد عارف صدیقی کی غائبانہ نمازجنازہ کراچی میں ادا کردی گئی۔
بلوچستان کے علاقے اورماڑہ میں گر کر تباہ ہونے والے کے ٹو ائیرویز کے طیارے کےکپتان رضوان ادریس کی غائبانہ نماز جنازہ اتوار کو بعد نماز عصر فیلکن کمپلیکس ملیر کینٹ میں ان کے گھر سے متصل مقام پر اداکی گئی، جس میں عزیزواقارب اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔
کپٹن رضوان ادریس کی غائبانہ نمازجنازہ میں پاک فضائیہ کے حاضرسروس اور ریٹائرڈ افسران علاوہ پاکستان ائیرفورس کے ائیر آفیسر کمانڈنگ ساؤتھ، بیس کمانڈر ملیر سمیت شہری ہوابازی سے تعلق رکھنے والے افراد شریک ہوئے۔
نمازجنازہ میں شریک افراد نے کیپٹن رضوان ادریس کے جرمنی سے پہنچنے والے بیٹوں اور دیگر اہل خانہ سے تعزیت کی۔
حادثے کے شکار کے ٹوائرویز کے کارگو طیارے کے فلائٹ انجینئر محمد عارف صدیقی کی غائبانہ نماز جنازہ گلستان جوہر بلاک 4 میں ان کے صاحبزادے عبد الرافع کی امامت میں ادا کی گئی۔
محمد عارف صدیقی کی نماز جنازہ میں قائم مقام امیر جماعت اسلامی کراچی مسلم پرویز، ڈپٹی سیکریٹری کراچی یونس بارائی، امیر جماعت اسلامی ضلع شرقی نعیم اختر اور جماعت اسلامی کے دیگر عہدیداران کے علاوہ مرحوم کے بڑے بھائی طارق صدیقی اور چھوٹے بھائی آصف صدیقی، مرحوم کے صاحبزادے حذیفہ صدیقی، علی عزام صدیقی، کعب حسن صدیقی اہل محلہ، عزیز و اقارب اور جماعت اسلامی کے کارکنان کی بڑی تعداد موجود تھی۔
اس موقع پر میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے قائم مقام امیر جماعت اسلامی کراچی مسلم پرویز نے کہا کہ کائنات کی ہر چیز نے فنا ہو جانا ہے اور ہر انسان کی دنیا سے رخصتی اللہ رب العزت کی مشیت کے مطابق ہوتی ہے۔
انہوں نے کہا کہ محمد عارف صدیقی شہید کے حسن کردار کی گواہی اہل علاقہ دے رہے ہیں اور امید ہے کہ اللہ تعالیٰ ان کی قبر کو جنت کے باغات میں سے ایک باغ بنا ئے گا۔
مسلم پرویز نے کہا کہ کارگو طیارے کے حادثے کے بعد ابھی تک جسد خاکی اور بلیک باکس کا نہ ملنا انتہائی تشویش ناک ہے اور حکومت کی جانب سے سمندر میں لاشوں کی تلاش کے لیے مؤثر اقدامات نہ کرنا بھی افسوس ناک ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ طیارے کا اچانک ریڈار سے غائب ہو جانا ایک بڑا المیہ ہے، جس کی مکمل، صاف اور شفاف تحقیقات ناگزیر ہیں۔
انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ حادثے کی غیر جانب دارانہ تحقیقات کرائی جائیں اور لاشوں کی تلاش کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں تاکہ متاثرہ خاندانوں کو اپنے پیاروں کے بارے میں یقین دہانی اور دلی اطمینان حاصل ہو سکے۔
کے ٹوائیرویز کے دوسرے انجینئر محمد حامد کی غائبانہ نماز جنازہ پیر کو بعد نماز مغرب رم جھم ٹاور صفورا میں اداکی جائے گی۔
