امریکا کے ایران پر حملے، عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ

واشنگٹن(قدرت روزنامہ)امریکا اور ایران کے درمیان دوبارہ کشیدگی شروع ہونے کے باعث عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں اضافہ ہوگیا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق عالمی منڈی میں تیل کی قیمتوں میں 3 فیصد سے زائد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
برینٹ خام تیل کی قیمت 2.67 ڈالر (3.51 فیصد) اضافے کے ساتھ 78.68 ڈالر فی بیرل تک پہنچ گئی۔
ماہرین کے مطابق قیمتوں میں یہ اضافہ اس خدشے کے باعث ہوا ہے کہ جاری کشیدگی آبنائے ہرمز سے تیل کی ترسیل کو متاثر کر سکتی ہے۔
امریکی انرجی انفارمیشن ایڈمنسٹریشن کے مطابق جنگ سے قبل دنیا بھر میں سپلائی ہونے والے خام تیل کا تقریباً 20 فیصد آبنائے ہرمز کے راستے منتقل کیا جاتا تھا، اسی لیے اس اہم آبی گزرگاہ کی صورتحال پر عالمی منڈی کی گہری نظر ہے۔
واضح رہے کہ امریکی فوج نے ایران پر مزید حملے شروع کردیے ہیں۔
امریکی سینٹرل کمانڈ (سینٹکام) نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکی افواج نے ایران کے خلاف مزید حملوں کا آغاز کر دیا ہے۔
سینٹکام کے مطابق ان حملوں کا مقصد آبنائے ہرمز سے گزرنے والے شہری بحری جہازوں اور تجارتی جہازوں پر حملے کرنے کی ایران کی صلاحیت کو مزید کمزور کرنا ہے۔
