کراچی میں آٹے کی قیمت میں بڑی کمی، فلور مل مالکان نے ایکس مل ریٹ 8 روپے فی کلو کم کر دیا


کراچی(قدرت روزنامہ)سندھ حکومت کی کوششوں کے نتیجے میں کراچی میں آٹے کی قیمت میں نمایاں کمی کا اعلان کر دیا گیا۔ فلور مل مالکان نے ایکس مل آٹے کی قیمت 133 روپے فی کلو سے کم کرکے 125 روپے فی کلو مقرر کرنے کا فیصلہ کیا ہے، جس کا فوری طور پر اطلاق ہوگا۔
تفصیلات کے مطابق چیف سیکریٹری سندھ سید آصف حیدر شاہ کی ہدایت پر کمشنر کراچی سید حسن نقوی کی زیر صدارت کمشنر آفس میں فلور مل مالکان کے ساتھ مذاکرات ہوئے، جن میں آٹے کی قیمتوں میں کمی پر اتفاق کیا گیا۔
اجلاس میں طے پایا کہ ایکس مل قیمت میں 8 روپے فی کلو کمی کے بعد مارکیٹ میں آٹے کی ہول سیل اور ریٹیل قیمتوں میں بھی نمایاں کمی آئے گی، جس سے شہریوں کو براہِ راست ریلیف ملے گا۔
فلور ملز ایسوسی ایشن نے اس موقع پر اعلان کیا کہ عوام کو سستا آٹا فراہم کرنے کے لیے شہر بھر میں فیئر پرائس اسٹالز بھی قائم کیے جائیں گے، جہاں رعایتی نرخوں پر آٹا فروخت کیا جائے گا۔
حکام کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں کمی کے فیصلے پر فوری عمل درآمد کیا جائے گا تاکہ شہری جلد از جلد اس ریلیف سے مستفید ہو سکیں۔

WhatsApp
Get Alert