وفاقی وزیر داخلہ اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے استعفیٰ دیں؛ مولانا عبدالغفور حیدری

کوئٹہ(ڈیلی قدرت)جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے مرکزی ناظم عمومی مولانا عبدالغفور حیدری نے وفاقی وزیر داخلہ سے فوری استعفے کا مطالبہ کر دیا ہے۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ وفاقی وزیرِ داخلہ نے دعویٰ کیا تھا کہ بلوچستان ایک ایس ایچ او کی مار ہے، مگر موجودہ امن و امان کی گھمبیر صورتحال نے اس دعوے کو مکمل طور پر غلط ثابت کر دیا ہے۔
مولانا عبدالغفور حیدری نے سانحہ زیارت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس واقعے میں 29 پولیس اہلکاروں سمیت دو ایس ایچ او بھی جاں بحق ہوئے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ زہری میں نو ماہ سے کرفیو نافذ ہے جبکہ خضدار بھی بدامنی کی لپیٹ میں ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ جے یو آئی کا روزِ اول سے یہی مؤقف رہا ہے کہ بلوچستان اور خیبر پختونخوا میں طاقت کا استعمال مسئلے کا حل نہیں ہے، بلکہ سنجیدہ سیاسی مکالمے اور بامعنی مذاکرات کے بغیر امن قائم نہیں ہو سکتا۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ وفاقی وزیر داخلہ ان حالات کی اخلاقی ذمہ داری قبول کرتے ہوئے اپنے عہدے سے مستعفی ہوں۔
