آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر کا کلی ببری ہنہ کا دورہ، دہشت گردی کے خلاف پولیس کے کردار کو سراہا
دہشت گردی کے خلاف بلوچستان پولیس دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے

بلوچستان پولیس کے جوان فرنٹ لائن پر رہتے ہوئے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنا اہم کردار ادا کرتے رہیں گے
کوئٹہ(قدرت روزنامہ) آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کلی ببری ہنہ کا دورہ کیا، جہاں ان کے ہمراہ ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ عمران شوکت اور دیگر پولیس افسران بھی موجود تھے۔دورے کے دوران آئی جی پولیس بلوچستان کو کلی ببری اور شعبان کے ملحقہ علاقوں میں جاری آپریشن کے حوالے سے تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ انہوں نے آپریشن میں حصہ لینے والے بلوچستان پولیس کے افسران اور جوانوں سے بھی ملاقات کی اور ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، حوصلے اور قربانیوں کو سراہا‘اس موقع پر آئی جی پولیس بلوچستان محمد طاہر نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف بلوچستان پولیس دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ ہر اول دستے کا کردار ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون کی عملداری کو برقرار رکھنے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے بلوچستان پولیس نے بے شمار قربانیاں دی ہیں اور اپنے جوانوں کی جانوں کا نذرانہ پیش کیا ہے آئی جی پولیس نے کہا کہ بلوچستان پولیس کے جوان فرنٹ لائن پر رہتے ہوئے دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ شانہ بشانہ دہشت گردی کے خلاف جنگ لڑ رہے ہیں اور دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک اپنا اہم کردار ادا کرتے رہیں گے۔
