روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے کھاتہ داروں کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کرگئی ، ڈیپازٹس کا حجم بھی 3 ارب ڈالر سے بڑھ گیا ، ترجمان سٹیٹ بینک

اسلام آباد / لاہور (قدرت روزنامہ) روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے کھاتہ داروں کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کرگئی جبکہ ڈیپازٹس کا حجم بھی 3 ارب ڈالر سے بڑھ گیا ہے۔سٹیٹ بینک کے ترجمان نے جمعہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہاکہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ نے تین اہم سنگ میل عبور کر لئے ہیں۔ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کی کھاتہ داروں کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے۔
اسی طرح ڈیپازٹس کا حجم 3 ارب ڈالر سے بڑھ گیاہے۔ انہوں نے کہا کہ 16 ماہ میں نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں سرمایہ کاری 2 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے۔ ترجمان نے کہا کہ ان شاندار نتائج پر وہ سمندر پار پاکستانیوں اور بینکوں کے شکر گزار ہیں۔ سٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق دسمبر 2021 کے اختتام تک 175 ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے 3 لاکھ 22 ہزار 463 اکائونٹس کھولے جن کے ڈیپازٹس کا حجم 3.160 ارب ڈالر ہے۔

جبکہ نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں اب تک 2.149 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کے لئے سٹیٹ بینک آف پاکستان اور بینکوں کے تعاون سے اس سکیم کا اعلان کیا تھا۔ اس سکیم کے تحت سمندر پار پاکستانی دنیا بھر میں کسی بھی مقام سے انتہائی آسانی کے ساتھ پاکستانی بینکوں میں اپنا اکائونٹ کھول سکتے ہیں۔