روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے کھاتہ داروں کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کرگئی ، ڈیپازٹس کا حجم بھی 3 ارب ڈالر سے بڑھ گیا ، ترجمان سٹیٹ بینک
اسلام آباد / لاہور (قدرت روزنامہ) روشن ڈیجیٹل اکائونٹس کے کھاتہ داروں کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کرگئی جبکہ ڈیپازٹس کا حجم بھی 3 ارب ڈالر سے بڑھ گیا ہے . سٹیٹ بینک کے ترجمان نے جمعہ کو اپنے ایک ٹویٹ میں کہاکہ روشن ڈیجیٹل اکائونٹ نے تین اہم سنگ میل عبور کر لئے ہیں .
روشن ڈیجیٹل اکائونٹ کی کھاتہ داروں کی تعداد 3 لاکھ سے تجاوز کر گئی ہے .
اسی طرح ڈیپازٹس کا حجم 3 ارب ڈالر سے بڑھ گیاہے . انہوں نے کہا کہ 16 ماہ میں نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں سرمایہ کاری 2 ارب ڈالر سے تجاوز کر گئی ہے . ترجمان نے کہا کہ ان شاندار نتائج پر وہ سمندر پار پاکستانیوں اور بینکوں کے شکر گزار ہیں . سٹیٹ بینک کے اعدادوشمار کے مطابق دسمبر 2021 کے اختتام تک 175 ممالک میں مقیم پاکستانیوں نے 3 لاکھ 22 ہزار 463 اکائونٹس کھولے جن کے ڈیپازٹس کا حجم 3.160 ارب ڈالر ہے .
جبکہ نیا پاکستان سرٹیفکیٹس میں اب تک 2.149 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ریکارڈ کی گئی ہے . پاکستان تحریک انصاف کی حکومت نے سمندر پار پاکستانیوں کی سہولت کے لئے سٹیٹ بینک آف پاکستان اور بینکوں کے تعاون سے اس سکیم کا اعلان کیا تھا . اس سکیم کے تحت سمندر پار پاکستانی دنیا بھر میں کسی بھی مقام سے انتہائی آسانی کے ساتھ پاکستانی بینکوں میں اپنا اکائونٹ کھول سکتے ہیں .
. .