صوبے میں اقربا پروری اور کرپشن کا راج؛ نوکریوں کی فروخت نے میرٹ کا جنازہ نکال دیا: ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی

کوئٹہ(ڈیلی قدرت کوئٹہ)ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی نے اپنے ایک مرکزی بیان میں سرکاری محکموں میں بھرتیوں کے عمل پر شدید تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے الزام عائد کیا ہے کہ ملازمتوں کی فراہمی میں اقرباپروری، سفارش کلچر اور آسامیوں کی مبینہ خرید و فروخت کے باعث قابل، محنتی اور مستحق نوجوانوں کے حقوق متاثر ہو رہے ہیں، جبکہ میرٹ کی پامالی صوبے کی پسماندگی کی ایک بڑی وجہ بن چکی ہے۔بیان میں کہا گیا کہ موجودہ صوبائی حکومت کے دور میں نوجوانوں کے ساتھ ناانصافی میں اضافہ ہوا ہے، جبکہ کوئٹہ اور بالخصوص ہزارہ برادری سے تعلق رکھنے والے تعلیم یافتہ اور بے روزگار نوجوانوں کے مسائل کو مثر انداز میں اجاگر کرنے والا کوئی موجود نہیں۔پارٹی کے مطابق کوئٹہ کے حقیقی مقامی شہریوں کی نمائندگی کرنے کے بجائے ایسے افراد کو آگے لایا گیا ہے جو مقامی عوام کے مسائل سے نہ تو واقف ہیں اور نہ ہی ان کے حل میں سنجیدہ دلچسپی رکھتے ہیں، جس کے باعث شہریوں اور نوجوانوں کو روزگار سمیت مختلف شعبوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔بیان میں مزید کہا گیا کہ سرکاری اداروں میں انتظامی امور اور ترقیاتی کاموں میں شفافیت کا فقدان ہے، جس کے باعث صوبے کے حقیقی بے روزگار نوجوان روزگار کے مواقع سے محروم رہتے ہیں۔ پارٹی نے مطالبہ کیا کہ سرکاری ملازمتوں سمیت زندگی کے تمام شعبوں میں میرٹ کو یقینی بنایا جائے، اہل اور مستحق امیدواروں کو ان کی صلاحیت کی بنیاد پر روزگار فراہم کیا جائے اور کوئٹہ کے مقامی نوجوانوں کو روزگار کے مواقع میں ترجیح دی جائے۔
