سوات پولیس اور پاک آرمی کا تحصیل کبل کے پہاڑی علاقوں میں مشترکہ گرینڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن


سوات(قدرت روزنامہ)ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات محمد عمر خان کی قیادت میں سوات پولیس اور پاک آرمی نے تحصیل کبل میں ملک دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کے خلاف مشترکہ گرینڈ سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن کا انعقاد کیا۔آپریشن میں ڈسٹرکٹ پولیس، پاک آرمی، ایلیٹ فورس، سی ٹی ڈی، بی ڈی ایس اور ڈی ایس بی کے اہلکاروں کے ساتھ مقامی لوگوں نے بھی کثیر تعداد میں شرکت کی۔
سرچ اینڈ سٹرائیک آپریشن حدود تھانہ کبل کے پہاڑی علاقوں قلاگے اور جکڑ بابا میں کیا گیا۔ آپریشن کے دوران شرپسند عناصر کے ممکنہ ٹھکانوں کی چھان بین کی گئی۔ اس کے ساتھ ساتھ علاقے کے معززین سے ملاقاتیں کی گئیں اور مشکوک افراد و سرگرمیوں کے حوالے سے بات چیت کی گئی۔اس حوالے سے ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر محمد عمر خان نے اپنے پیغام میں کہا کہ عوام کی جان و مال کی حفاظت کے لیے ضلع بھر میں مختلف مقامات پر سرچ آپریشنز جاری رہیں گے۔ ان آپریشنز کا مقصد موجودہ سیکیورٹی صورتحال میں سماج دشمن اور جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی اور ان کی سرگرمیوں پر کڑی نگرانی رکھنا ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسی کو بھی حکومتی اداروں کی رِٹ کو چیلنج کرنے اور امن و امان کی صورتحال خراب کرنے کی ہرگز اجازت نہیں دی جائے گی۔ سوات پولیس دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے ساتھ مل کر الرٹ ہے اور سوات کے امن میں رخنہ ڈالنے والوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا۔ترجمان سوات پولیس۔

WhatsApp
Get Alert