اداکارہ ہما سلیم کا پاکستانی کرکٹر پر دھوکادہی، کردارکشی اور ہراسانی کا الزام


لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستانی اداکارہ و ماڈل ہما سلیم نے شناخت ظاہر کیے بغیر پاکستان ٹیم کے کرکٹر پر سنگین ہراسانی کے الزامات عائد کرتے ہوئے قانونی کارروائی کا عندیہ دے دیا۔
انسٹاگرام پر شیئر کی گئی اسٹوری میں ہما سلیم نے لکھا کہ ’ایک مشکل وقت میں ایک ایسے کرکٹر کو بے نقاب کرنا چاہتی ہوں جو دھوکا دہی، فراڈ ، کردار کشی اور ہراسگی کی حد پار کرگیا ہے‘۔
اداکارہ نے کرکٹر کا نام اپنی اسٹوری میں شامل کیے بغیر لکھا کہ ’2 ماہ سے اس کرکٹر سے میرا کوئی رابطہ نہیں لیکن جب بھی میں آگے بڑھنے کی کوشش کرتی ہوں وہ مجھے ذہنی طور پر پریشان کردیتا ہے، کوئی بھی عورت جان بوجھ کر سماجی طور پر خود کو بدنام نہیں کرسکتی اس وقت تک جب تک حد سے تجاوز نہ کرلیا جائے‘۔

اداکارہ نے اپنی پوسٹ میں مزید لکھا کہ میری لیگل ٹیم کی جانب سے جلد اس کرکٹر کو بے نقاب کیا جائیگا کہ حالیہ دنوں پی سی بی کے پیسوں سے یہ ہوٹلوں میں کیا کچھ کرتا رہا۔
ہماسلیم نے الزامات عائد کرتے ہوئے لکھا کہ’ اس کرکٹر نے مجھے، میرے اہل خانہ حتیٰ کہ میرے دوستوں کو بھی میسیج کرکے میری ساکھ خراب کرنے کی کوشش کی، اس ہراسانی کا سامنا میں نے اس وقت بھی کیا جب میں اس شخص کے ساتھ تھی اور جب میں نے اپنا کام کرنا شروع کیا تو وہ میرے کولیگز کو میسج کرکے بھی مجھے بدنام کرنے کی کوشش کر تارہا، یہ سب اس شخص نے اور اسکی فیملی نے کیا‘۔
اداکارہ نے مزید لکھا کہ ’ایک تکلیف دہ اذیت ناک رشتے میں رہنے کے باوجود میں نے کبھی کچھ نہیں کہا لیکن اس بار میری برداشت کی حد ختم ہوگئی ہے، ہر کہانی کا دوسرا پہلو بھی ہوتا ہے وہ مجھے دھوکا دیکر لوگوں کے سامنے مجھے بدنام کررہاہے کہ لیکن میں اس کرکٹر کے خلاف تمام شواہد اپنی لیگل ٹیم کے ہمراہ جلد سامنے لاؤں گی‘۔

WhatsApp
Get Alert