مریدوں نے سات ماہ قبل انتقال کرنیوالے پیر کی میت کو قبر سے نکال لیا، وجہ کیا بنی؟ حیران کن واقعہ پیش آگیا
فیصل آباد(قدرت روزنامہ)پیر کو اپنے مرضی کے مقام پر دفنانے کیلئے جھگڑا، مریدوں نے قبر سے میت ہی چرا لی، فیصل آباد میں مدفن پیر کے چند مرید اپنے پیر کی کھود کر میت اپنے ساتھ لے گئے، پولیس نے مقدمہ درج کر لیا۔ تفصیلات کے مطابق فیصل آباد میں ایک شخص کی میت چرا لیے جانے کا عجیب واقعہ پیش آیا۔ نجی ٹی وی چینل کی رپورٹ کے مطابق فیصل آباد کی تحصیل تاندليانوالہ میں چند مريد 7 ماہ قبل انتقال کر جانے والے اپنے پیر صاحب کی میت قبر سے نکال کر ساتھ لے گئے۔
اس حوالے سے پولیس کی جانب سے بتایا گیا ہے کہ شکایت موصول ہونے پر میت چرانے والے مریدوں کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا۔ پولیس کے مطابق پیر کے انتقال کے بعد مریدوں کے دو گروپس میں تدفین کے حوالے سے تنازعہ پیدا ہوا۔ایک گروپ اپنے مرید کو تاندليانوالہ میں دفن کرنا چاہتا تھا، جبکہ دوسرا گروپ پیر کی میت اوکاڑہ لے جا کر وہاں تدفین کے بعد مزار بنانے کیلئے بضد تھا۔تنازعہ کا کوئی حل نکالے بنا ہی پیر کی تاندليانوالہ میں ہی تدفین کر کے وہیں مزار بنا دیا گیا۔
اب مذکورہ پیر کے انتقال کے 7 ماہ بعد اپنے پیر کو اوکاڑہ میں دفن کرنے کے خواہش مند چند مریدوں نے قبر کھود کر میت نکال لی اور اسے ساتھ لے گئے۔ اس کاروائی کے دوران میت چرانے والے مرید مزار کی چندے کی پیٹی اور دیگر کچھ سامان بھی لے گئے۔ یہی نہیں بلکہ مزار پر موجود ایک ملنگ کو بھی میت چرانے والے مرید اپنے ساتھ لے گئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ مقدمہ درج کیے جانے کے بعد ملزمان کی تلاش جاری ہے۔ دوسری جانب نجی ٹی وی چینل جیو نیوز کی رپورٹ کے مطابق پیر کی تدفین کے معاملے پر جھگڑنے والے مریدوں کو مرحوم پیر کے صاحبزادوں کی بھی حمایت حاصل ہے۔ اپنے والد کی تدفین کے معاملے پر پیر کے دونوں بیٹوں کا آپس میں بھی جھگڑا چل رہا ہے۔ ایک بیٹا والد کا مزار تاندليانوالہ میں جبکہ دوسرا بیٹا اوکاڑہ میں مزار بنانے کا خواہاں ہے۔