ڈاکٹر آکاش قتل کیس؛ ملزمان کے اہم انکشافات، چھینے گئے 20 لاکھ برآمد نہ ہوسکے

گرفتارملزمان بینکوں کے باہر رقم چھیننے اور تاجر کو لوٹنے کے واقعات میں ملوث ہیں، پولیس


کراچی(قدرت روزنامہ)ڈاکٹر آکاش قتل کیس کے ملزمان نے ابتدائی تفتیش میں اہم انکشافات کیے ہیں۔
کلفٹن تین تلوار کے قریب ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکٹر آکاش کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔ گرفتارتینوں ملزمان سے ابتدائی تفتیش کےدوران اہم انکشافات سامنے آئے ہیں۔ گرفتارملزمان بینکوں کے باہر رقم چھینے اور تاجر کو لوٹنے کے واقعات میں ملوث ہیں ۔
پولیس کے مطابق 13 جولائی کو کلفٹن تین تلوار کے قریب ڈکیتی کی واردات کے دوران ڈاکٹر آکاش کو فائرنگ کرکے قتل کرنے کے واقعے کی تحقیقات جاری ہیں ۔ واقعے میں ملوث گرفتار تینوں ملزمان اسلم عرف بابا،رام چند اورانیل سے ابتدائی تفتیش کےدوران اہم انکشافات سامنے آگئے ہیں۔
تفتیشی حکام کے مطابق ڈکیت گینگ کاسرغنہ اسلم عرف بابااوردیگرکارندے قائدآباد کے رہائشی ہیں۔ واردات میں اسلم بابا اوردیگرسمیت ایک لڑکی بھی شامل تھی۔ گرفتار ملزمان اوراس کے ساتھیوں نے واردات کےبعد آپس میں رقم کا بٹوارہ کرلیاتھا۔
گرفتارملزم رام چند کےمطابق اسلم بابا سےلانڈھی جیل میں2021میں ملاقات ہوئی تھی اورملزمان کی جیل میں ہی دوستی ہوئی اورگینگ بنایا۔ گرفتارملزم رام چند نےانکشاف کیا کہ گزشتہ دو ہفتوں میں بینکوں کے باہرسے 3 ڈکیتیاں کرچکے ہیں۔
تفتیشی حکام کے مطابق گرفتارملزم انیل ملیرپولیس کو انتہائی مطلوب تھا۔ گرفتار ملزم نے چند ماہ قبل شاہ لطیف ٹاون میں ایک تاجرکولوٹا تھا۔ گرفتارملزم ساتھیوں سمیت ایک کروڑ روپے لوٹ کر فرار ہواتھا۔
گرفتارملزم انیل کے 2 ساتھی شاہ لطیف ٹاؤن پولیس کے ہاتھوں گرفتار ہوئے تھے اور گرفتار ملزمان سے 50 لاکھ روپے کی رقم برآمد ہوئی تھی۔ انیل اوررام چندسمیت7 رکنی گینگ رقم چھینے کی وارداتوں میں ملوث ہیں۔
عدالت میں تفتیشی رپورٹ جمع، پولیس کا چھینے گئے 20 لاکھ برآمد نہ ہونے کا اعتراف
ایکسپریس نیوز کے مطابق جوڈیشل مجسٹریٹ جنوبی کی عدالت میں ڈاکٹر آکاش کو ڈکیتی مزاحمت پر قتل کیس کی سماعت ہوئی جہاں پولیس نے ابتدائی تفتیشی رپورٹ جمع کرائی۔
پولیس نے لڑکی سمیت 3 ملزمان کو مفرور قرار دے دیا۔ پولیس نے ڈاکٹر آکاش سے چھینے گئے 20 لاکھ روپے بھی برآمد نہ کیے جانے کا اعتراف کیا۔
رپورٹ کے مطابق گرفتار 3 ملزمان نے پولیس کے سامنے ڈاکٹر آکاش سے رقم لوٹنے اور قتل کا اعتراف کیا ہے۔ سریش، رام چند اور انیل کو اسلحہ ایکٹ کے مقدمہ میں گرفتار کیا گیا۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزمان سے تفتیش کی تو انہوں نے ڈاکٹر آکاش کے قتل کا اعتراف کیا، ملزمان نے بتایا کہ عدم گرفتار ملزمان کے ساتھ یہ واردات کی تھی۔ ملزمان نے اعتراف کیا کہ انہوں نے تین تلوار کے پاس بینک سے رقم نکلوانے والے شخص سے رقم چھینی۔
ملزمان نے بتایا کہ رقم چھینی تو وہاں موجود گارڈ نے ان پر فائرنگ کردی۔ گارڈ کی فائرنگ پر ملزمان نے بھی فائرنگ کی اور فرار ہوگئے۔ ملزمان نے بتایا کہ بعد میں معلوم ہوا ہماری فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق ہوگیا ہے۔ ملزمان کے اعتراف پر انہیں ڈاکٹر آکاش کے قتل کے مقدمہ میں نامزد کیا گیا ہے۔
رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ملزمان کی نشاندہی پر عدم گرفتار ملزمان کو گرفتار کرنا ہے۔ مفرور ملزمان میں اسلم پنہور، ایک لڑکی اور ایک موٹا بندہ شامل ہیں۔ ملزمان سے چھینی گئی 20 لاکھ روپے کی رقم بھی برآمد کرنی ہے۔ ملزمان کی شناخت پریڈ بھی کرانی ہے۔ ملزمان نہایت خطرناک اور عادی جرائم پیشہ ہیں۔ ملزمان کو دیگر مقدمات میں بھی انٹروگیٹ کرنا ہے۔

WhatsApp
Get Alert