جی ٹی روڈ پر ڈمپر کی ٹکر سے سب انسپکٹر موٹروے پولیس شہید، ڈرائیور فرار


اٹک(قدرت روزنامہ)پنجاب کے ضلع اٹک میں لارنس پور ٹول پلازہ کے قریب پیش آنے والے ایک دل دہلا دینے والے واقعے میں ہائی وے اینڈ موٹروے پولیس کے افسر جاوید اکبر کو مبینہ طور پر اوور لوڈ ڈمپر کے ڈرائیور نے کچل کر شہید کردیا۔
موٹروے پولیس کے مطابق جاوید اکبر معمول کی پٹرولنگ پر تھے جب انہوں نے ایک اوور لوڈ ڈمپر کو رکنے کا اشارہ کیا۔ قانونی کارروائی کے لیے انہوں نے ڈرائیور سے گاڑی کے کاغذات اور ڈرائیونگ لائسنس طلب کیے، تاہم ڈرائیور نے مطلوبہ دستاویزات پیش کرنے کے بجائے ڈمپر ان پر چڑھا دیا، جس کے باعث وہ موقع پر ہی شہید ہوگئے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج حاصل کرلی گئی ہے، جس کی مدد سے تفتیش جاری ہے۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق ابتدائی تحقیقات اور درج ایف آئی آر سے معلوم ہوتا ہے کہ ڈمپر کے مالک نے مبینہ طور پر فون پر ڈرائیور کو پولیس افسر کو کچل کر فرار ہونے کی ہدایت دی تھی۔
ایف آئی آر کے مطابق ڈرائیور نے مبینہ ہدایت پر عمل کرتے ہوئے جاوید اکبر کو ٹکر ماری اور انہیں کچلنے کے بعد جائے وقوعہ سے فرار ہوگیا۔
موٹروے پولیس نے بتایا کہ واقعے سے متعلق اہم شواہد اکٹھے کرلیے گئے ہیں اور ڈرائیور و گاڑی کے مالک کے خلاف قتل سمیت دیگر سنگین دفعات کے تحت مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ دونوں ملزمان کی گرفتاری کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔
شہید جاوید اکبر اپنے پیچھے بیوہ اور پانچ بچوں کو سوگوار چھوڑ گئے ہیں۔ ان کی شہادت کی خبر نے اہل خانہ اور علاقے کے لوگوں کو غم میں مبتلا کر دیا۔
شہید افسر کی نماز جنازہ مردان میں ادا کی گئی، جس میں پولیس حکام، عزیز و اقارب اور شہریوں کی بڑی تعداد شریک ہوئی۔ بعد ازاں انہیں سرکاری اعزاز کے ساتھ ان کے آبائی علاقے میں سپردِ خاک کردیا گیا۔
آئی جی موٹروے پولیس نے شہید کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے یقین دلایا کہ محکمہ ہر مرحلے پر ان کے ساتھ کھڑا رہے گا۔ انہوں نے کہا کہ جاوید اکبر نے فرض کی ادائیگی کے دوران اپنی جان قربان کر کے قانون کی پاسداری اور بہادری کی مثال قائم کی ہے، جسے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔

WhatsApp
Get Alert