اسلامی ممالک میں ایک بادشاہ اور ایک سپہ سالار حافظ قرآن ہے، علامہ طاہر اشرفی

سعودی عرب کے بادشاہ ملک سلمان حافظ قرآن ہیں، سپہ سالار سید عاصم منیر حافظ قرآن ہیں، اس ملک پر پھر بھی انگلیاں اٹھاتے ہو، جامعة الرشید کے دورے پر خطاب


کراچی(قدرت روزنامہ)چیئرمین قومی پیغامِ امن کمیٹی علامہ طاہر محمود اشرفی نے کہا کہ اسلامی ممالک میں ایک بادشاہ اور ایک سپہ سالار حافظ قرآن ہیں، سعودی عرب کے بادشاہ ملک سلمان حافظ قرآن ہیں، سپہ سالار سید عاصم منیر حافظ قرآن ہیں، اس ملک پر پھر بھی انگلیاں اٹھاتے ہو۔ کراچی میں جامعة الرشید کے دورے کے دوران خطاب کرتے ہوئے حافظ طاہر اشرفی انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے 56، 57 اسلامی ممالک میں سے پاکستان اور سعودی عرب کو حرمین شریفین کے تحفظ کا اعزاز عطا کیا ہے، جس پر غور کرنے کی ضرورت ہے۔
علامہ طاہر اشرفی نے کہا کہ انہوں نے اپنی زندگی کے 36 سال حضرت مولانا سمیع الحق شہیدؒ کے ساتھ گزارے۔ ان کے بقول، مولانا سمیع الحق فرمایا کرتے تھے کہ آئینِ پاکستان کی تیاری کے دوران ایک ایک شق پر طویل بحث کی گئی تھی۔
اس عمل میں مفتی محمودؒ، پروفیسر غفور احمدؒ، مولانا شاہ احمد نورانیؒ، مفتی جعفر حسینؒ، مولانا عبدالحقؒ اور مولانا غلام غوث ہزارویؒ جیسے جید علماء شریک تھے۔


انہوں نے کہا کہ ایسے اکابر علماء کی موجودگی میں تشکیل پانے والے آئین کو غیر اسلامی قرار دینا درست نہیں، بلکہ 57 اسلامی ممالک کے آئین کا جائزہ لیا جائے تو پاکستان کا آئین اسلامی دفعات کے حوالے سے نمایاں مقام رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی پیغامِ امن کمیٹی ایک واضح پیغام کے ساتھ میدان میں نکلی ہے کہ “اپنا مسلک نہ چھوڑو، لیکن دوسرے کے مسلک کو نہ چھیڑو”۔
ان کا کہنا تھا کہ ملک میں فرقہ واریت اور مذہبی انتشار کو فروغ نہیں دیا جائے گا۔ علامہ طاہر اشرفی نے شہداء کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے مولانا سمیع الحق شہیدؒ، مولانا حبیب اللہ مختارؒ اور مولانا عادل خان شہیدؒ سمیت دیگر شہداء کی قربانیوں کا ذکر کیا اور کہا کہ شہادت کا جذبہ خرید کر حاصل نہیں کیا جا سکتا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے فوجی جوان وطن کے دفاع کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرتے ہیں اور ان کی مائیں اپنے بیٹوں کو ملک کی سلامتی کے لیے رخصت کرتی ہیں۔
ان کے مطابق، پاکستان کو متحد رکھنا ہم سب کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ مسلم دنیا کے اتحاد کی وجہ سے آج بعض عالمی منصوبے، خصوصاً اسرائیل کے عزائم، کامیاب نہیں ہو رہے اور امتِ مسلمہ کو باہمی اتحاد و یکجہتی کو مزید فروغ دینا چاہیے۔

WhatsApp
Get Alert