کیا واقعی اپنے یوٹیوب چینل سے 10 ہزار ڈالرز کما رہی ہیں؟ بشریٰ انصاری نے بتا دیا

لاہور (قدرت روزنامہ)پاکستان کی معروف سینئر اداکارہ، میزبان، مصنفہ بشریٰ انصاری نے اپنی یوٹیوب آمدنی سے متعلق انکشاف کر دیا۔
بشریٰ انصاری گزشتہ کچھ عرصے سے اداکاری کے ساتھ ساتھ روزمرہ زندگی پر مبنی وی لاگز بھی بنا رہی ہیں اور کامیابی سے اپنا یوٹیوب چینل چلا رہی ہیں۔
حال ہی میں نادیہ خان کے ساتھ ایک یوٹیوب وی لاگ میں گفتگو کرتے ہوئے بشریٰ انصاری نے اپنی یوٹیوب کی آمدنی کے حوالے سے کھل کر بات کی۔
انہوں نے کہا کہ جی ہاں! میں نے آپ کے اصرار پر یوٹیوب وی لاگنگ شروع کی، جویریہ نے بھی میری حوصلہ افزائی کی اور آپ دونوں نے مجھے بہت کچھ سکھایا اور مسلسل حوصلہ دیا۔
اداکارہ نے کہا کہ میں باقاعدگی سے وی لاگز بنا رہی تھی، لیکن آسٹریلیا کے دورے کے دوران یہ سلسلہ کچھ عرصے کے لیے رک گیا تھا، اب میں نے دوبارہ آغاز کر دیا ہے، اب میں کینیڈا جا رہی ہوں اور وہاں سے بھی وی لاگز بناؤں گی۔
بشریٰ انصاری کا کہنا ہے کہ بہت سے لوگوں کا خیال ہے کہ کام ٹھیک چل رہا ہے، لیکن ایسا ہرگز نہیں ہے کہ میں 10 ہزار ڈالرز کما رہی ہوں، جیسا کہ لوگ دعویٰ کرتے ہیں کہ ہم یوٹیوب سے بہت زیادہ آمدنی حاصل کرتے ہیں۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ حقیقت اس سے مختلف ہے، ہماری دیگر پیشہ ورانہ مصروفیات بھی ہوتی ہیں، مصروف شوٹنگ شیڈول کے ساتھ وی لاگنگ کرنا درحقیقت کافی مشکل ہوتا ہے۔
