شہریار منور اور درفشاں سلیم کے ڈرامہ سیریل ’درِ نجات‘ کا دوسرا ٹیزر جاری

کراچی (قدرت روزنامہ)تھریز انٹرٹینمنٹ کی پیشکش ڈرامہ سیریل ’درِ نجات‘ کے پہلے ٹیزر کی بے انتہا مقبولیت کے بعد دوسرا ٹیزر جاری کردیا گیا ہے۔

ڈرامہ سیریل ’درِ نجات‘ کے پروڈیوسر سلمان اقبال، سونیا خان اور شہریار منور ہیں جبکہ میگا اسٹار کاسٹ کے پہلے ٹیزر نے ہی ناظرین کے دلوں میں گھر کرلیا ہے۔

ڈرامے کی کاسٹ میں شہریار منور، درفشاں سلیم، سحر ہاشمی، نمیر خان، رومیسہ خان، ثانیہ سعید اور صبا حمید شامل ہیں۔

’درِ نجات‘ کی کہانی عمیرہ احمد نے لکھی ہے جبکہ اس کے ہدایت کار ثاقب خان ہیں۔

دوسرے ٹیزر میں نمیر خان اور درفشاں سلیم کو پیڈل کھیلتے دکھایا گیا ہے جبکہ شہریار منور قرآن شریف کی تلاوت کررہے ہیں اور انہیں نماز پڑھتے دکھایا گیا ہے۔

واضح رہے کہ پہلا ٹیزر ریلیز ہونے کے فوراً بعد شوبز انڈسٹری کی معروف شخصیات نے انسٹاگرام اسٹوریز کے ذریعے اپنی خوشی کا اظہار کیا تھا۔ اداکارہ یمنیٰ زیدی نے ٹیزر شیئر کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ”مجھے بہت فخر ہے، ہر چیز اور ہر کوئی لاجواب لگ رہا ہے۔ میڈ ان پاکستان۔“

سپر اسٹار ماہرہ خان نے بھی پروجیکٹ کی تعریف کرتے ہوئے لکھا تھا کہ ”یہ شاندار لگ رہا ہے، مجھے شہریار منور اور سونیا خان پر بہت فخر ہے،“ انہوں نے پوری ٹیم کے لیے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔

اداکارہ امر خان نے شہریار منور کی اسکرین پر واپسی کا خیرمقدم کیا اور درفشاں سلیم کے لُک کو خوب سراہا تھا۔

WhatsApp
Get Alert