پشتون اولس قومی جرگے کے تحت کوئٹہ میں ایک بڑا قومی جرگہ منعقدکرینگے، نواب ایاز خان جوگیزئی

وطنوں میں عوام پر تکالیف آتی ہیں،جب تک ہم ایک صف میں کھڑے نہیں ہوتے تب تک ظالم، جابر قوتوں کا مقابلہ کرنا ممکن نہیں،احتجاجی دھرنے سے خطاب

قوم کے تمام زعماء، سیاسی،قبائلی،عمائدین، علماء کرام اور ہر مکتبہ فکر نمائنددگان کو دعوت دینگے جوپشتون قوم کے آنیوالے مستقبل کے لیے فیصلے کرینگے
کوئٹہ(قدرت  روزنامہ) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب محمد ایاز خان جوگیزئی نے گزشتہ روز زیارت سانحہ کے خلاف احتجاجی دھرنے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جب تک سیاسی پارٹیاں اپنی سیاسی پروگراموں،آئین و منشور کو موجودہ حالات میں کچھ وقت کے لیے ملتوی کرے ایک صف میں کھڑے نہیں ہوتے تب تک ظالم، جابر قوتوں کا مقابلہ کرنا ممکن نہیں۔ وطنوں میں عوام پر تکالیف آتی ہیں لیکن جو بربادی جس تیزی کے ساتھ ہمارے وطن میں آرہی تھی یقیناً اب کسی حد تک ضرور کم ہوگی، ہمارے سیاسی پارٹیوں کے قائدین اور کارکنوں کی اس دھرنے میں مسلسل شرکت اور متحد ہو کر اپنے قوم کے غم میں شریک ہونا نیک شگون ہیں۔ انہوں نے کہا کہ دھرنے میں متاثرہ خاندانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہزاروں افراد کی شرکت دراصل اس بات کی عکاسی کرتی ہے کہ پشتون اپنے بھائیوں کے اس غم میں برابر کے شریک ہیں۔ یہ حالات ہم سے پہلے وزیر ستان کے لوگوں پر آیا تھا ان کی آبادی زیادہ تھی لیکن ایک منظم سیاسی تنظیم نہیں رکھتے تھے ہمارے ہاں آبادی کم لیکن منظم سیاسی تنظیم اور سیاسی پارٹیاں موجود ہیں۔ شہدا کے لواحقین یہاں موجود ہیں، شہدا کے سپردخاک ہونے کے باوجود ہم نے یہ انتظار نہیں کرنا کہ خدانخواستہ پھر سے ہمارے قوم کے مزید شہدا ء یا واقعات رونماء ہوں۔اس قوم کو درپیش اذیت ناک صورتحال سے نجات دلانے کے لیے ایک دوسرے کے ساتھ ہوں گے متحد ہوکر قوم کے مستقبل کی راہ متعین کرینگے۔ ہم منظم سیاسی تنظیم رکھتے ہیں اور مختلف سیاسی پارٹیاں موجود ہیں۔ جلد پشتون اولس قومی جرگے کے تحت کوئٹہ میں ایک بڑا قومی جرگہ منعقدکریں جس میں تمام پشتون قوم کے تمام زعماء کو دعوت دی جائیگی اور پشتونخوا وطن میں مزید جو خطرناک حالات آرہے ہیں اس کی روک تھام اور سیاسی پارٹیوں کی مشاورت سے جرگہ کرکے اپنے وطن اس کے عوام کے بہتر،پر امن،روشن مستقبل کے لیے اکابرین کی رائے پر عمل کرتے ہوئے لائحہ عمل طے کرکے اپنے وطن کی دفاع کرینگے۔ نواب ایاز خان جوگیزئی نے کہا کہ ملی مشر محمود خان اچکزئی سے میں نے کہا تھا کہ تمام سیاسی پارٹیوں کی مشاورت سے ایک جرگہ طلب کرینگے اور اس میں قوم کے تمام زعماء، سیاسی،قبائلی،عمائدین، علماء کرام اور ہر مکتبہ فکر نمائنددگان کو دعوت دینگے جوپشتون قوم کے آنیوالے مستقبل کے لیے فیصلے کرینگے۔

WhatsApp
Get Alert