کراچی، جھاڑیوں سے لڑکی کے گیٹ اپ میں نوجوان کی لاش برآمد

کراچی (قدرت روزنامہ)کراچی میں سپرہائی وے پر ملیر کینٹ ماڈل کالونی لنک روڈ پر جھاڑیوں سے لڑکی کے گیٹ اپ میں ایک نوجوان کی لاش برآمد ہوئی ہے۔ ملیر کینٹ پولیس کے مطابق ایک مسافر رفع حاجت کے لیے جھاڑیوں میں گیا تو اس نے زنانہ لاش دیکھی اور مددگار 15 پولیس کو اطلاع دی۔ ملیر کینٹ تھانے کے ایس ایچ او ملک فیصل لطیف کے مطابق ان کے عملے نے فوری طور پر موقع پر پہنچ کر لاش کو قبضے میں لیا اور اسے ایدھی ایمبولینس کے ذریعے اسپتال منتقل کر دیا۔
ڈاکٹروں کے مطابق یہ لاش کسی خاتون یا خواجہ سرا کی نہیں بلکہ ایک نوجوان مرد کی ہے، مذکورہ نوجوان نے خاتون کا میک اپ کر رکھا تھا اور نسوانی کپڑے پہنے ہوئے تھے۔ ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق لاش پر تشدد وغیرہ کے نشانات نہیں ہیں۔مذکورہ نوجوان کو گلے میں دوپٹے کا پھندا لگا کر قتل کیا گیا ہے، ڈاکٹروں کے مطابق حتمی وجہ موت مکمل پوسٹ مارٹم کے بعد سامنے آئے گی۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ پر لاش کو گھسیٹ کر جھاڑیوں میں پھینکنے کے نشانات بھی پائے گئے ہیں۔ ابتدائی طور پر پولیس کا شبہ ہے کہ مذکورہ نوجوان کو کسی اور جگہ قتل کرکے لاش کسی گاڑی میں لا کر یہاں پھینکی گئی۔ مقتول کی شناخت نہیں ہوسکی، پولیس کی مزید تفتیش کررہی ہے۔