عوام کو مری کے موسم کی صورتحال کو سمجھنے کی ضرورت ہے: شاہد آفریدی

کراچی (قدرت روزنامہ)قومی کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان شاہد آفریدی نے کہا ہے کہ عوام کو مری کے موسم کی صورتحال کو سمجھنے کی ضرورت ہے۔سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کیے گئے پیغام میں شاہد آفریدی نے کہا کہ ’مری میں جو ہوا انتہائی افسوس ناک ہے۔‘


شاہد آفریدی نے کہا کہ ’قیمتی جانوں کے ضیاع پر شدید افسوس ہورہا ہے، خدا اُن کی مغفرت فرمائے۔‘اُنہوں نے کہا کہ ’انتظامیہ کے انتظامات ناکافی تھے، انتظامیہ کو لوگوں کی آمد و رفت مانیٹر کرنے کی ضرورت تھی۔‘
سابق کپتان نے عوام سے مخاطب ہوتے ہوئے کہا کہ ’موسم کی خراب صورتحال کے باعثت عوام کو بھی اپنا رویہ تبدیل کرنے کی ضرورت ہے۔‘شاہد آفریدی نے مزید کہا کہ ’ہائی الرٹ اور وارننگ کو سنجیدگی سے نہیں لیا جاتا، خدا سب پر رحم کرے۔‘
واضح رہے کہ ملکۂ کوہسار مری میں برفانی طوفان کے باعث اب تک 22 ہلاکتیں ہو چکی ہیں، کلڈانہ کے مقام پر سرچ و ریسکیو آپریشن جاری ہے، لاشیں اسپتال نہیں لائی جا سکیں بلکہ اسکول منتقل کی گئی ہیں۔
مری میں کافی تعداد میں اموات کی اطلاعات ہیں مگر راستے بند ہونے کی وجہ سے لاشیں اسپتال نہیں پہنچائی جا سکی ہیں۔