بلوچستان فوڈ اتھارٹی کی بڑی کارروائی، 300 کلوگرام مضرِ صحت چکن گوشت سپلائی کی کوشش ناکام

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)بلوچستان فوڈ اتھارٹی (بی ایف اے) نے خفیہ اطلاع پر رات گئے کچلاک بائی پاس کے مقام پر کامیاب کارروائی کرتے ہوئے 300 کلوگرام خراب اور مضرِ صحت چکن گوشت مارکیٹ میں سپلائی ہونے سے قبل ضبط کر لیا۔
ترجمان بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے مطابق ڈائریکٹر آپریشنز کی ہدایت پر بی ایف اے کی ٹیم نے کچلاک پولیس کے تعاون سے مسافر بس نمبر BSC-217 کی تلاشی لی، جس کے دوران 300 کلوگرام بدبودار اور انسانی صحت کے لیے انتہائی نقصان دہ چکن گوشت برآمد ہوا۔ بروقت کارروائی کے باعث یہ مضرِ صحت گوشت عوام تک پہنچنے سے پہلے ہی قبضے میں لے لیا گیا۔
بلوچستان فوڈ اتھارٹی کے حکام کا کہنا ہے کہ ضبط شدہ گوشت کو قانونی کارروائی مکمل کرنے کے بعد تلف کر دیا گیا ہے، جبکہ اس غیر قانونی کارروائی میں ملوث ذمہ داران کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
خصوصی آپریشن رات ایک بجے تک جاری رہا، جس میں بی ایف اے کی ٹیمیں عوامی صحت کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لیے متحرک رہیں۔ حکام نے واضح کیا کہ عوام کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائیاں جاری رہیں گی۔
بلوچستان فوڈ اتھارٹی نے اپنے دوٹوک مؤقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مضرِ صحت خوراک کی ترسیل اور فروخت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔ ادارہ اپنی زیرو ٹالرنس پالیسی کے تحت محفوظ اور معیاری خوراک کی فراہمی کے لیے مؤثر اقدامات جاری رکھے ہوئے ہے۔
محفوظ خوراک، صحت مند بلوچستان” کے عزم کے ساتھ بلوچستان فوڈ اتھارٹی صوبے بھر میں خوراک کے معیار پر سخت نگرانی کر رہی ہے تاکہ شہریوں کو صحت مند اور محفوظ غذائی اشیاء کی فراہمی یقینی بنائی جا سکے۔
