ٹک ٹاکر علی حیدر آبادی نے اہلیہ کی میڈیکل رپورٹ چیلنج کردی
اہلیہ کی انگلی بالکل نہیں ٹوٹی، میڈیکل میں انگلی فریکچر ہونے جھوٹ پر مبنی ہے، نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم جاری کیا جائے؛ مؤقف

لاہور(قدرت روزنامہ)ٹک ٹاکر اور یوٹیوبر علی حیدر آبادی نے اپنی اہلیہ پر مبینہ تشدد کے کیس میں ایک نیا قانونی موڑ لاتے ہوئے لاہور کی ضلع کچہری میں ان کی میڈیکل رپورٹ کو چیلنج کر دیا، علی حیدر آبادی نے اپنے وکیل رانا انتظار حسین کی وساطت سے عدالت میں ایک درخواست دائر کی ہے جس میں میڈیکل رپورٹ کے حقائق کو یکسر مسترد کر دیا۔
اطلاعات کے مطابق عدالت میں دائر کردہ درخواست میں علی حیدر آبادی کی جانب سے مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ ان کی اہلیہ کی جو میڈیکل رپورٹ تیار کی گئی ہے، اس میں انگلی فریکچر ہونے کی بات بالکل جھوٹ پر مبنی اور حقائق کے برعکس ہے، اہلیہ کی انگلی بالکل نہیں ٹوٹی لہٰذا سابقہ میڈیکل رپورٹ کو کالعدم قرار دے کر غیر جانبدارانہ معائنے کے لیے نیا میڈیکل بورڈ تشکیل دینے کا حکم جاری کیا جائے۔
خیال رہے کہ یہ تنازعہ اس وقت شدت اختیار کر گیا تھا جب علی حیدر آبادی کی ایک سوشل میڈیا ویڈیو وائرل ہوئی، جس میں وہ لائیو سیشن کے دوران اپنی اہلیہ زینب علی کو طلاق دیتے دکھائی دیئے اور کہا کہ وہ آئندہ ان کا چہرہ نہیں دیکھنا چاہتے، شوہر کے اس قدم کے بعد اہلیہ زینب علی نے ایک پیغام جاری کیا جس میں ان کے ہاتھ پر پٹیاں بندھی ہوئی تھیں، انہوں نے الزام عائد کیا کہ علی حیدر آبادی گزشتہ تین برسوں سے ان پر شدید جسمانی تشدد اور ذہنی اذیت ڈھاتے رہے ہیں، انہوں نے پولیس میں قانونی کارروائی کروائی اور وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز سے بھی انصاف کے لیے اپیل کی تھی۔
دوسری جانب ٹک ٹاکر علی حیدر آبادی نے ہاتھ میں قرآن پاک اٹھا کر اپنے خلاف لگائے گئے تمام الزامات کو بے بنیاد اور گھناؤنی سازش قرار دیا تھا، بعد ازاں پولیس کی جانب سے گرفتاری کے خدشے کے پیش نظر انہوں نے سیشن کورٹ سے رجوع کیا تھا جہاں سے انہیں عبوری ضمانت ملی اور تفتیش میں شامل ہونے کی ہدایت کی گئی تھی، اب اسی سلسلے میں انہوں نے اپنی اہلیہ کی میڈیکل رپورٹ کے سچائی پر سوال اٹھاتے ہوئے نیا میڈیکل بورڈ بنانے کا مطالبہ کر دیا ۔
