مریم نواز کا طلبہ کے لیے ای بائیک اسکیم 2026 کا آغاز، ایک لاکھ طلبہ مستفید ہوں گے

لاہور(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے صوبے کے طلبہ کے لیے الیکٹرک بائیک (ای اسکوٹرز) اسکیم 2026 کا آغاز کر دیا ہے، جس کے تحت ایک لاکھ طلبہ کو ماحول دوست اور آسان سفری سہولت فراہم کی جائے گی۔
حکومت پنجاب کے مطابق اس منصوبے کا مقصد نوجوانوں کو تعلیمی اداروں تک محفوظ، کم خرچ اور سہل سفری سہولیات فراہم کرنا اور ماحول دوست ٹرانسپورٹ کے استعمال کو فروغ دینا ہے۔
اس اسکیم کے تحت طالبات کو الیکٹرک بائیکس مکمل طور پر مفت فراہم کی جائیں گی، جبکہ طلبہ کو یہی بائیکس بلا سود اور آسان اقساط پر دی جائیں گی تاکہ زیادہ سے زیادہ نوجوان اس سہولت سے مستفید ہو سکیں۔ حکومت کو امید ہے کہ اس اقدام سے طلبہ کو سفری مشکلات میں نمایاں کمی آئے گی اور ان کی تعلیمی سرگرمیوں کا تسلسل برقرار رکھنے میں مدد ملے گی۔
کون درخواست دے سکتا ہے؟
حکومتی ہدایات کے مطابق درخواست گزار کی عمر کم از کم 18 سال ہونا ضروری ہے۔ امیدوار کا ہائر ایجوکیشن کمیشن (ایچ ای سی) سے منظور شدہ ڈگری کالج یا یونیورسٹی میں زیرِ تعلیم ہونا لازمی ہے۔ اس کے علاوہ امیدوار کا مستقل ڈومیسائل پنجاب کا ہونا چاہیے۔
درخواست گزار کے پاس موٹرسائیکل چلانے کا لائسنس یا لرنر پرمٹ ہونا بھی ضروری ہے، جبکہ وہ کسی رجسٹرڈ موٹر گاڑی کا مالک نہیں ہونا چاہیے۔ حکومت نے واضح کیا ہے کہ ایک ہی خاندان سے صرف ایک فرد اس اسکیم سے فائدہ اٹھا سکے گا، خواہ ایک سے زائد بہن بھائی اہلیت کے معیار پر پورا اترتے ہوں۔
درخواست کیسے دی جائے گی؟
ای بائیک اسکیم کے لیے درخواستیں صرف حکومت پنجاب کے نامزد آن لائن پورٹل کے ذریعے جمع کرائی جائیں گی۔ امیدوار پہلے اپنی شناختی معلومات کے ذریعے رجسٹریشن یا لاگ اِن کریں گے، جس کے بعد درخواست فارم مکمل کرکے مطلوبہ دستاویزات اپ لوڈ کرنا ہوں گی۔
درخواستیں موصول ہونے کے بعد متعلقہ حکام امیدواروں کے کوائف کی جانچ پڑتال کریں گے، جبکہ اہل امیدواروں کا انتخاب کمپیوٹرائزڈ قرعہ اندازی (بیلٹنگ) کے ذریعے کیا جائے گا تاکہ پورا عمل شفاف اور میرٹ کی بنیاد پر مکمل کیا جا سکے۔
درخواست کے لیے درکار دستاویزات
ای بائیک اسکیم کے لیے درخواست کے ساتھ قومی شناختی کارڈ یا ب فارم، تعلیمی ادارے کا بونافائیڈ سرٹیفکیٹ، پنجاب ڈومیسائل، ڈرائیونگ لائسنس یا لرنر پرمٹ، پاسپورٹ سائز تصاویر اور مطلوبہ خاندانی معلومات یا حلف نامہ جمع کرانا ہوگا۔
حکومت پنجاب نے طلبہ کی رہنمائی کے لیے ہیلپ لائن 042-111-333-267 بھی قائم کر دی ہے، جہاں درخواست کے طریقہ کار، اہلیت کے معیار اور دیگر متعلقہ معلومات حاصل کی جا سکتی ہیں۔
حکومت پنجاب کا کہنا ہے کہ یہ منصوبہ نوجوانوں کو جدید، محفوظ اور ماحول دوست سفری سہولیات فراہم کرنے کی جانب ایک اہم قدم ہے، جس سے نہ صرف طلبہ کو فائدہ پہنچے گا بلکہ صوبے میں پائیدار ٹرانسپورٹ کے فروغ میں بھی مدد ملے گی۔
