سردار عبدالرحمن کھیتران کا فیلڈ مارشل عاصم منیر کو سونے کا تاج پہنانے کی خواہش کا اظہار

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)صوبائی وزیر اور قبائلی رہنما سردار عبدالرحمن کھیتران نے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے لیے اپنے جذبات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر ان کے بس میں ہو تو وہ فیلڈ مارشل کو سونے کا تاج پہنائیں گے۔
اپنے ایک بیان میں سردار عبدالرحمن کھیتران نے کہا کہ فیلڈ مارشل عاصم منیر نے ملک کے دفاع، قومی سلامتی اور استحکام کے لیے جو خدمات انجام دی ہیں، وہ قابلِ تحسین ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ فیلڈ مارشل عاصم منیر کے لیے بے حد احترام اور عقیدت رکھتے ہیں۔
سردار کھیتران نے کہا، “اگر میرا بس چلے تو میں فیلڈ مارشل کو سونے کا تاج پہنا دوں۔ اگر میری زمینداری اچھی ہو جائے اور وسائل میسر آ جائیں تو میں انہیں کوئٹہ بلا کر اپنے ہاتھوں سے سونے کا تاج پہناؤں گا۔”
انہوں نے مزید کہا کہ ملک کی سلامتی اور قومی یکجہتی کے لیے کردار ادا کرنے والی شخصیات کو قوم کی جانب سے بھرپور خراجِ تحسین پیش کیا جانا چاہیے۔ ان کا کہنا تھا کہ قومی اداروں اور ان کی قیادت کی خدمات کو تسلیم کرنا ہر محبِ وطن شہری کی ذمہ داری ہے۔
سردار عبدالرحمن کھیتران کے اس بیان نے سیاسی و عوامی حلقوں میں توجہ حاصل کر لی ہے اور اسے فیلڈ مارشل عاصم منیر کے لیے ان کی عقیدت اور احترام کا اظہار قرار دیا جا رہا ہے۔
