بلوچستان ‘ دالبندین، تفتان شاہراہ پر مسلح افراد کا ایکسائز چیک پوسٹ پر دھاوا؛ 3 اہلکار اغوا، سرکاری گاڑیاں اور اسلحہ لوٹ لیا گیا

قانون نافذ کرنے والے اداروں کا علاقے کا محاصرہ، مغویوں کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن شروع


دالبندین(قدرت روزنامہ)دالبندین، تفتان شاہراہ پر ڈھڈر کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے محکمہ ایکسائز کی عارضی چیک پوسٹ پر حملہ کرکے محکمہ ایکسائز کے تین اہلکاروں کو مبینہ طور پر اغوا کر لیا، جبکہ دو سرکاری گاڑیاں اور سرکاری اسلحہ بھی اپنے ساتھ لے گئے۔
پولیس کے مطابق واقعے کے وقت محکمہ ایکسائز کے اہلکار عارضی چیک پوسٹ پر معمول کی ڈیوٹی انجام دے رہے تھے کہ مسلح افراد نے اچانک حملہ کر دیا۔ حملہ آور اہلکاروں، سرکاری گاڑیوں اور اسلحہ سمیت موقع سے فرار ہوگئے۔
واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی نفری جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور علاقے کو گھیرے میں لے کر حملہ آوروں کا سراغ لگانے اور مغوی اہلکاروں کی بازیابی کے لیے سرچ آپریشن شروع کر دیا گیا۔
پولیس ذرائع کے مطابق واقعے کی مختلف پہلوؤں سے تحقیقات جاری ہیں، جبکہ حملہ آوروں کی شناخت اور ان کے فرار کے راستوں کا تعین بھی کیا جا رہا ہے۔

WhatsApp
Get Alert