دالبندین میں تفتان شاہراہ سے اغوا ہونے والے ایکسائز کے تینوں اہلکار یک مچ سے بحفاظت بازیاب


چاغی (ڈیلی قدرت) دالبندین۔تفتان شاہراہ پر ڈھڈر کے مقام سے نامعلوم مسلح افراد کے ہاتھوں اغوا کیے گئے محکمہ ایکسائز کے تینوں اہلکار یک مچ کے قریب سے بحفاظت بازیاب کر لیے گئے ہیں۔ پولیس ذرائع کے مطابق بازیاب اہلکاروں کو ابتدائی طبی معائنے اور ضروری کارروائی کے لیے متعلقہ حکام کے حوالے کر دیا گیا ہے، جبکہ واقعے کی مزید تحقیقات جاری ہیں۔ واضح رہے کہ اس سے قبل دالبندین۔تفتان شاہراہ پر ڈھڈر کے مقام پر نامعلوم مسلح افراد نے ناکہ بندی کے دوران محکمہ ایکسائز کی عارضی چیک پوسٹ پر حملہ کیا تھا۔ حملہ آور مبینہ طور پر تین اہلکاروں کو دو سرکاری گاڑیوں اور سرکاری اسلحے سمیت اپنے ساتھ لے گئے تھے۔ واقعے کی اطلاع ملنے پر پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کیا تھا۔ بعد ازاں تینوں اہلکار یک مچ کے قریب سے بحفاظت بازیاب کر لیے گئے۔ پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ حملہ آوروں کی شناخت، فرار کے راستوں اور واقعے کے دیگر پہلوؤں سے متعلق تحقیقات جاری ہیں، جبکہ سرکاری گاڑیوں اور اسلحے کی برآمدگی کے لیے بھی کارروائی کی جا رہی ہے۔

WhatsApp
Get Alert