پشتونخوا میپ کے وفد کی سانحہ زیارت کے شہداء کے لواحقین سے تعزیت؛ بحران سے نکلنے کے لیے اگست میں ‘اولسی جرگہ’ بلانے کی تیاریاں شروع


کوئٹہ(ڈیلی قدرت) پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی جنرل سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال کی قیادت میں پارٹی کے مرکزی و صوبائی ایگزیکٹیوز اور ضلعی رہنماؤں نے سانحہ زیارت کے پولیس شہداء کے ایصالِ ثواب کے لیے زیارت، سنجاوی اور لورالائی جا کر علیحدہ علیحدہ فاتحہ خوانی اور لواحقین سے اظہارِ تعزیت و شہداء کے درجاتِ بلندی کے لیے خصوصی دعا کی۔ وفد میں آغا سید لیاقت علی، جبار خان اتمانخیل، کبیر افغان، سردار حبیب الرحمن دومڑ، سردار شفیق ترین، نعمت کاکڑ، اصل خان اچکزئی، اباسین خان اچکزئی، عبدالطیف دومڑ، حاجی فتح محمد دوتانی، محمد نور صاحب، نور محمد نورک، حاجی عبداللہ جان مجلون آکا، طارق خان دومڑ، گاور خان، سعید محمد، رضا محمد رضا ناصر، عطاء اللہ خان، سردار عنایت اللہ و دیگر ضلعی، تحصیل اور علاقائی عہدیدار و کارکنان بھی شریک تھے۔ عبدالرحیم زیارتوال کی قیادت میں پارٹی رہنماؤں کے وفد نے کہا کہ جس طرح کوئٹہ کے کوئلہ پھاٹک پر زیارت پولیس سانحہ کے شہداء کے لواحقین اور عوام نے منظم انداز میں پرامن طور پر احتجاج اور دھرنا دیا، اس دھرنے میں شہداء کے لواحقین کا صبر و استقامت قابلِ تحسین ہے، ان کی قربانیاں ہمیشہ یاد رکھی جائیں گی اور قوم ان کے احسانات کو کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہداء کا خون ہم سب سے اس بات کا تقاضا کرتا ہے کہ ہم باہمی اختلافات سے بالاتر ہو کر اتحاد، اتفاق اور نظم و ضبط کا مظاہرہ کریں، امن، بھائی چارے اور قومی یکجہتی کو فروغ دیں اور اپنے تاریخی پشتونخوا وطن، اس کے وسائل اور عوام کے حقوق پر قابض ہونے والی قوتوں کے مذموم عزائم کو ناکام بنانے کے لیے ایک صف میں کھڑے ہوں۔ موجودہ حالات میں قوم کو متحد، منظم اور باہمی تعاون کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنے کی ضرورت ہے اور جس طرح پارٹی کے محبوب چیئرمین، تحریک تحفظ آئین پاکستان کے سربراہ اور قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر ملی مشر محمود خان اچکزئی اور پارٹی کے مرکزی سیکرٹری نواب ایاز خان جوگیزئی نے اگست کے مہینے میں جنوبی پشتونخوا میں اولسی جرگہ کی بات کی، ہمیں اس کی تیاری آج سے کرنی ہوگی اور جرگہ ہی موجودہ حالات میں ہماری نجات دہندہ ثابت ہوگا۔ وفد نے شہداء کے لواحقین کو یقین دلایا کہ وہ ان کے غم میں برابر کے شریک ہیں اور دعا گو ہیں کہ اللہ تعالیٰ شہداء کی قربانیوں کو اپنی بارگاہ میں شرفِ قبولیت عطا فرمائے، ان کے درجات بلند کرے و اہلِ خانہ کو صبرِ جمیل، حوصلہ اور استقامت نصیب فرمائے اور پشتونخوا وطن میں امن، استحکام اور اتحاد کو برقرار رکھے۔

WhatsApp
Get Alert