حکومتی ناقص انتظامات نے موسم کی چند لمحوں کی خوشی کو بھی غارت کردیا

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) جمعیت علماء اسلام (ف) سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہےکہ حکومتی ناقص انتظامات نے موسم کی چند لمحوں کی خوشی کو بھی غارت کردیا، پہلے سیاحوں کو داخلے کی اجازت دی، پھربےیارو مددگار چھوڑ دیا گیا، یہ حکومت ہے یا عوام کی قاتل؟ اپیل ہے نااہل اور بےحس حکومت کا انتظار کیے بغیر مری کے عوام سیاحوں کی مدد کریں۔
انہوں نے سانحہ مری پر اظہارافسوس کرتے ہوئے کہا کہ مری میں سیاحت کے لئے آنے والے خاندانوں کے ساتھ پیش آنے والا واقعہ افسوس ناک ہے۔ متاثرہ خاندانوں کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔ مرحومین کے لئے دعائے مغفرت اور لواحقین کے لئے صبر جمیل کی دعا کرتا ہوں۔ قدرت کی جانب سے دیئے گئے موسم میں چند لمحوں کی خوشی کو بھی حکومت کے ناقص انتظامات نے غارت کر دیا۔

مری کے عوام اپنی مدد آپ کے تحت سیاحوں کی مدد کریں۔ حکمرانوں نے عوام کو ریلیف دینے کی بجائے بے یارو مددگار چھوڑ دیا۔ انہوں نے کہا کہ مری میں 19 سیاحوں کی ہلاکت اندوہناک سانحہ ہے، پہلے بغیر وارننگ سیاحوں کو داخلے کی اجازت دی گئی اور پھر برفباری میں پھنسے لوگوں کو ریسکیو کرنے اور خوراک ومیڈیسن پہنچانے کی بجائے بےیارو مددگار چھوڑ دیا گیا ہے یہ حکومت ہے یاعوام کی قاتل؟ انہوں نے کہا کہ میں مری کے سانحے پر لواحقین سے دلی تعزیت کا اظہار کرتا ہوں اللہ ان سب کی مغفرت فرمائے۔
مری کےعوام بالعموم اورجمعیت و انصارالاسلام کے رضاکار پھنسے ہوئے لوگوں کی فی الفورمدد کے لیے آگے آئیں اوراس نااہل اور بےحس حکومت کا انتظار کیے بغیر ان کو محفوظ مقامات پرمنتقل کرنے میں اپنا کردار ادا کریں۔ اسی طرح پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے مری میں سیاحوں کے پھنسنے اور گاڑیوں میں موجود افراد کی اموات کے سانحہ پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مری میں بے یارو مددگار برف میں دھنسے رہنے والے پورے کے پورے خاندانوں کی موت کے درد ناک واقعہ نے دل ہلا کے رکھ دیا ہے۔
حکومت کو کوسنے کا کوئی فائدہ نہیں کیونکہ یہ مردہ ضمیر حکومت بہت پہلے مر چکی ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اللّہ تعالی مرحومین اور ان کے لواحقین اور پاکستان پر اپنا خصوصی رحم فرمائے۔ آمین! چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے مری میں سرد موسم سے سیاحوں کے جاں بحق ہونے پراظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ انتظامیہ سیاحوں کی فی الفور مدد کیلئے ہنگامی اقدامات کرے، مری میں سیاحوں کو سنگین صورت حال سے آگاہ کیا جاتا تاکہ ایسا سانحہ رونما نہ ہوتا۔
تفصیلات کے مطابق انہوں نے مری میں سرد موسم سے سیاحوں کے جاں بحق ہونے پراظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مری میں جاں بحق ہونے والے سیاحوں کے لواحقین سے اظہارتعزیت کرتے ہیں۔ مری میں افسوس ناک سانحے پرپورا ملک سوگوار ہے، بہتر ہوتا کہ مری میں سیاحوں کو سنگین صورت حال سے آگاہ کیا جاتا تاکہ ایسا سانحہ رونما نہ ہوتا۔ چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اپیل کی ہے کہ انتظامیہ سیاحوں کی فی الفور مدد کے لیے ہنگامی اقدامات کرے۔