سعودی عرب نے ایک ہی ویزے پر سال میں متعدد بار عمرے کی سہولت دیدی

ایک سالہ ملٹی پل انٹری عمرہ ویزہ پر زائرین جتنی بار چاہیں مملکت کا سفر کرسکیں گے، 90 دن تک قیام کی اجازت ہوگی


مکہ مکرمہ(قدرت روزنامہ)سعودی وزارتِ حج و عمرہ نے دنیا بھر کے زائرین کی سہولت کے لیے 1 سال کی مدت پر مشتمل ملٹی پل انٹری عمرہ ویزہ متعارف کروا دیا، اس ویزے کے تحت زائرین ایک سال کے دوران متعدد بار سعودی عرب کا سفر کر سکتے ہیں اور مجموعی طور پر 90 دنوں تک مملکت میں قیام کرسکتے ہیں۔ عرب نیوز کے مطابق یہ ویزہ جاری ہونے کی تاریخ سے لے کر 365 دن یعنی 1 سال کے لیے کارآمد رہے گا، ویزہ ہولڈرز 1 سال کے دوران مختلف دوروں کے ذریعے مجموعی طور پر 90 دن تک سعودی عرب میں قیام کرسکتے ہیں، ہر سفر کے بعد بچنے والے قیام کے دن خودکار طریقے سے اگلے دوروں کے لیے محفوظ رہیں گے اور زائرین ویزے کی میعاد کے اندر انہیں استعمال کرسکیں گے۔
بتایا گیا ہے کہ مملکت سے ہر بار روانگی کے بعد ویزہ خودکار طور پر معطل ہو جائے گا اور ضوابط پورا کرنے پر اگلے سفر کے لیے دوبارہ فعال کر دیا جائے گا، تاہم ملٹی پل انٹری عمرہ ویزہ کو حج سیزن کے دوران سعودی عرب میں داخلے کے لیے استعمال نہیں کیا جا سکے گا، زائرین جو بھی عمرہ پیکیج خریدیں گے، اس کی مدت ویزے پر بچ جانے والے باقی ماندہ دنوں سے زیادہ نہیں ہونی چاہیئے۔
معلوم ہوا ہے کہ اس نئے ویزے پر سفر کرنے کے لیے زائرین کو ہر دورے کے لیے ‘نسک’ پلیٹ فارم پر موجود منظور شدہ سروس پرووائیڈرز سے پیکیج خریدنا لازمی ہو گا، سعودی عرب میں داخلے سے پہلے نسک ایپ کے ذریعے عمرہ پرمٹ حاصل کرنا ضروری ہے، اور پرمٹ کی تاریخیں خریدی گئی منظور شدہ سروس سے مطابقت رکھتی ہوں، نیز تمام سفری و انٹری شرائط بھی پوری کی جائیں۔

WhatsApp
Get Alert