کراچی میں 2سالہ اذان کے اغوا میں مرکزی ملزم بچے کے والد کا دوست نکلا


کراچی (قدرت روزنامہ) کراچی کے علاقے نیا ناظام آباد میں 2سالہ اذان کے اغوا میں مرکزی ملزم بچے کے والد کا دوست نکلا، مرکزی ملزم خود کو بےگناہ ظاہر کرنے کیلئے اہلخانہ کے ساتھ بچے کو تلاش کرتا رہا۔ میڈیا کے مطابق پولیس نے 2سالہ بچے کے اغوا میں ملوث مرکزی ملزم سمیت 3ملزمان کو گرفتار کرلیا۔
ملزمان نے بچے کے والدین سے 50 لاکھ روپے تاوان طلب کیا تھا۔ بتایا گیا ہے کہ واردات کی منصوبہ بندی مرکزی ملزم نے سالے اور دوست کے ساتھ مل کر کی تھی۔ اغوا میں جو موٹرسائیکل استعمال کی گئی اس کی جعلی نمبر پلیٹ تھی، پولیس نے ملزمان کے ہیلمٹ اور کپڑے برآمد کر لیے ہیں۔ بچے کو اغوا کے بعد گھارو منتقل کیا گیا تھا۔ دوسری جانب بچے کی والدہ نے پولیس کے دعوؤں کو مسترد کرتے ہوئے کہا تھا کہ ملزمان نے بچے کی ایک ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہونے کے بعد ممکنہ دباؤ محسوس کیا اور اسے خود ہی چھوڑ گئے۔
ان کے مطابق ایک نامعلوم سوشل میڈیا اکاؤنٹ سے یہ پوسٹ کی گئی کہ “ایک بچہ سڑک پر روتا ہوا ملا ہے، جس کا ہے آ کر لے جائے۔”والدہ کا کہنا تھا کہ جب اہلِ خانہ پوسٹ میں بتائے گئے مقام پر پہنچے تو وہاں موجود افراد نے مختلف اور متضاد بیانات دیے۔ کسی نے کہا کہ بچہ رات چار بجے گھر کے باہر چھوڑا گیا، کسی نے بتایا کہ صبح ملا تو فوری سوشل میڈیا پر اطلاع دی، جبکہ بعض افراد کا کہنا تھا کہ دو نامعلوم افراد بچے کو چھوڑ کر چلے گئے تھے۔ اسی طرح بچے کے چچا نے بھی پولیس کے مؤقف سے اختلاف کرتے ہوئے کہا تھا کہ گھارو میں ان کے ایک جاننے والے نے سوشل میڈیا پر وائرل تصویر دیکھ کر بچے کو پہچانا، جس کے بعد اہلِ خانہ خود وہاں پہنچے اور بچے کو اپنی تحویل میں لیا۔

WhatsApp
Get Alert