چار دنوں میں ڈیزل کی قیمت میں 43.91 روپے اضافہ، عوام کیسے گزارہ کریں گے؟ فواد چوہدری
حکومت کی اس پالیسی سے پہلے سے موجود کمر توڑ مہنگائی میں بے پناہ اضافہ ہو گیا؛ سابق وفاقی وزیر کا ردعمل

اسلام آباد(قدرت روزنامہ)سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ بے تحاشا اضافے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا ہے کہ صرف چار دنوں کے مختصر عرصے میں ڈیزل کی قیمت میں 43.91 روپے کا اضافہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے اپنے ایک بیان میں حکومت کی روزانہ کی بنیاد پر پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں بدلنے اور بڑھانے کی پالیسی کو تنقید کا نشانہ بنایا، انہوں نے کہا کہ محض چار دنوں کے اندر ڈیزل کی قیمت میں 43.91 روپے فی لیٹر کا بھاری اضافہ کیا گیا ہے۔
فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ اس پالیسی کی وجہ سے ٹرانسپورٹ کے کرائے، اشیائے خوردونوش اور زراعت کی لاگت میں بے پناہ اضافہ ہو رہا ہے، یہ بات اب مکمل طور پر سمجھ سے باہر ہے کہ عام لوگ اس شدید مہنگائی میں اپنا گزارہ کیسے کریں گے۔
صرف چار دنوں میں ڈیزل کی قیمت میں 43.91 روپے اضافہ کیا گیا ہے اس پالیسی سے پہلے سے کمر توڑ مہنگائ میں بے پناہ اضافہ ہو گیا ہے! سمجھ سے باہر ہے لوگ گزارہ کیسے کریں گے!!
— Ch Fawad Hussain (@fawadchaudhry) July 21, 2026
خیال رہے کہ وفاقی حکومت نے حال ہی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا جائزہ لینے کا طریقہ کار تبدیل کرتے ہوئے روزانہ عالمی منڈی کے حساب سے قیمتیں مقرر کرنے کا سلسلہ شروع کیا ہے، جس کے نتیجے میں عوام پر مسلسل بوجھ ڈالا جا رہا ہے، گزشتہ کچھ دنوں کے دوران حکومت نے پٹرول اور خاص طور پر ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل بیک ٹو بیک اضافے کیے ہیں۔
بتایا جارہا ہے کہ عالمی منڈی میں اتار چڑھاؤ اور ڈالر کی قدر کا بہانہ بنا کر کیے جانے والے اس اضافے نے ملک میں مہنگائی کو نئی بلندیوں پر پہنچا دیا ہے، کیوں کہ ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت بڑھنے سے مال بردار گاڑیوں اور زرعی ٹیوب ویلوں و ٹریکٹروں کے اخراجات بڑھ گئے ہیں، جس کے اثرات براہِ راست سبزیوں، دالوں اور دیگر بنیادی ضرورت کی اشیاء کی قیمتوں پر پڑ رہے ہیں۔
