سوراب اور مستونگ میں کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز، وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا سیکیورٹی فورسز کو خراجِ تحسین

کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے سوراب اور مستونگ میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کامیاب انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنز پر افواجِ پاکستان اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کو زبردست خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردوں کے ٹھکانوں کی تباہی اور خودکش حملوں کی منصوبہ بندی میں ملوث عناصر کی گرفتاری سیکیورٹی اداروں کی بڑی کامیابی ہے۔
اپنے ایک بیان میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ بلوچستان کے امن کو سبوتاژ کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا اور ریاست دشمن عناصر کے لیے کسی قسم کی رعایت نہیں ہوگی۔ انہوں نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ دہشت گردی کے مکمل خاتمے تک حکومتِ بلوچستان سیکیورٹی فورسز اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کے شانہ بشانہ کھڑی رہے گی۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بھارت کی سرپرستی میں سرگرم دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف کارروائیاں منطقی انجام تک جاری رہیں گی۔ انہوں نے کہا کہ دہشت گرد عناصر صوبے کے امن، ترقی اور خوشحالی کے دشمن ہیں اور انہیں اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا۔
وزیراعلیٰ بلوچستان کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں امن، استحکام اور عوام کے جان و مال کا تحفظ حکومت کی اولین ترجیح ہے اور دہشت گردی کے خلاف جنگ پوری قوت کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی فورسز کی قربانیاں اور کامیابیاں پوری قوم کے لیے باعثِ فخر ہیں اور دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے کے لیے تمام دستیاب وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔
انہوں نے مزید کہا کہ بلوچستان کے عوام کے پائیدار امن اور روشن مستقبل کے لیے حکومت ہر ممکن اقدامات جاری رکھے گی اور ریاست دشمن عناصر کے مذموم عزائم کو ہر قیمت پر ناکام بنایا جائے گا۔
