حکومت سے مذاکرات کے بعد پٹرول پمپ مالکان کا ہڑتال مؤخر کرنے کا اعلان


اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وفاقی وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک کے ساتھ ملاقات کے بعد پٹرول پمپ مالکان نے ہڑتال مؤخر کرنے کا اعلان کردیا ہے۔ پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے مطابق وفاقی حکومت نے منافع مارجن کا معاملہ 2 ہفتوں میں حل کروانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔
پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن نے کل ملک بھر میں پٹرول پمپس بند رکھنے کا اعلان تھا، جس کے بعد جمعرات کی شام وفاقی حکومت اور پٹرولیم اونرز ایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات ہوئے۔
وزیرِ پٹرولیم علی پرویز ملک نے مذاکرات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حکومت کو عوام کی مشکلات کا اندازہ ہے، خطے میں ایک بار پھر جنگ کے بادل منڈلا رہے ہیں جس کی وجہ بین الاقوامی مارکیٹ میں قیمتوں میں اضافہ ہورہا ہے۔
علی پرویز ملک کا کہنا تھا کہ ان ہی حالات کی وجہ سے پاکستان میں بھی پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ مجبوری ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پیٹرولیم ڈیلرز کے منافع مارجن کا معاملہ چند سالوں سے لٹکا ہوا ہے جس کی سمری اوگرا سے مشاورت کے بعد کابینہ میں پیش کی جائے گی۔ انہوں نے پٹرولیم ڈیلرز کے نمائندوں کو یہ معاملہ 2 ہفتوں میں حل کروانے کی یقین دہانی کرائی۔
پٹرول پمپ اونرز ایسوسی ایشن کے نمائندے نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ علی پرویز ملک نے ہمارے ساتھ ایک تحریری معاہدہ کیا ہے اور ہمیں امید ہے کہ منافع مارجن کا معاملہ 2 روز میں حل ہوجائے گا اور روزانہ کی بنیاد پر قیمتیں طے کرنے کے معاملے پر بھی نظرثانی ہوگی۔
پٹرولیم شعبے سے وابستہ مختلف کاروباری تنظیموں نے متفقہ طور پر حکومت کے سامنے تین مطالبات رکھے تھے۔ پہلا مطالبہ یہ ہے کہ ڈیلرز کے منافع کا مارجن 2.6 فیصد سے بڑھا کر 8 فیصد کیا جائے۔
دوسرا مطالبہ یہ ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کرنے کے بجائے دوبارہ 15 روزہ یا ماہانہ بنیادوں پر کیا جائے، جب کہ آئل مارکیٹنگ کمپنیوں کی جانب سے نافذ کیے گئے کوٹہ سسٹم کو ختم کرنے کا بھی مطالبہ کیا گیا ہے۔
یاد رہے کہ وفاقی حکومت نے 18 جولائی کو پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کے تعین کا اختیار آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) کے سپرد کرتے ہوئے اعلان کیا تھا کہ پٹرول اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمتوں کا تعین روزانہ کی بنیاد پر کیا جائے گا، جبکہ نئی قیمتیں اوگرا اپنی ویب سائٹ پر جاری کرے گی۔
اس فیصلے کے بعد 18 جولائی کی رات آئندہ تین روز کے لیے پٹرول کی قیمت میں 5 روپے 44 پیسے اور ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 31 روپے فی لیٹر اضافہ کیا گیا تھا۔ اس کے بعد سے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا روزانہ کی بنیاد پر تعین جاری ہے۔
حکومت کی نئی پالیسی پر عوام، ٹرانسپورٹرز اور پٹرول پمپ مالکان مسلسل تحفظات کا اظہار کر رہے ہیں۔ ڈیزل کی قیمت میں اضافے کے بعد ملک بھر میں ٹرانسپورٹرز نے کرایوں میں بھی اضافہ کر دیا ہے جب کہ پٹرولیم ڈیلرز ایسوسی ایشن کے تمام دھڑوں نے مطالبات پورے نہ ہونے کی صورت میں احتجاج اور ہڑتال کا اعلان کر رکھا تھا، جسے حکومتی یقین دہانی کے بعد فی الاحال مؤخر کردیا گیا ہے۔

WhatsApp
Get Alert