مستونگ اور قلات میں سیکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان جھڑپیں؛ مسافر کوچ فائرنگ کی زد میں، 4 افراد جاں بحق

کوئٹہ کراچی شاہراہ ٹریفک کے لیے بند، سینکڑوں گاڑیاں پھنس گئیں؛ سیکیورٹی فورسز کا سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع انتظامیہ کی شہریوں کو شاہراہ پر غیر ضروری سفر سے گریز کی ہدایت؛ علاقے میں کاروباری سرگرمیاں اور موبائل سروس متاثر


مستونگ/قلات (ڈیلی قدرت) ضلع مستونگ کے علاقے کھڈکوچہ اور قلات کے نواحی علاقے منگچر میں سیکیورٹی فورسز اور مسلح افراد کے درمیان ہونے والی جھڑپوں کے باعث صورتحال کشیدہ ہوگئی ہے۔ فائرنگ کے تبادلے کے دوران کوئٹہ سے کراچی جانے والی الیوسف کوچ بھی زد میں آگئی، جس کے نتیجے میں ابتدائی اطلاعات کے مطابق 4 مسافر جاں بحق جبکہ متعدد افراد زخمی ہوگئے۔
ذرائع کے مطابق فائرنگ کا سلسلہ کئی گھنٹوں تک جاری رہا جس کے باعث علاقے میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ سیکیورٹی فورسز نے علاقے کو گھیرے میں لے کر سرچ اور کلیئرنس آپریشن شروع کر دیا ہے۔ مسلح افراد کی جانب سے مختلف مقامات پر مزاحمت کی اطلاعات بھی سامنے آئی ہیں، جس کی وجہ سے صورتحال غیر یقینی بنی ہوئی ہے۔
کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ کو کھڈکوچہ، منگچر اور دیگر حساس مقامات پر ہر قسم کی آمدورفت کے لیے عارضی طور پر بند کر دیا گیا ہے۔ شاہراہ کی بندش کے باعث دونوں اطراف سینکڑوں گاڑیاں، مسافر کوچز، اور مال بردار ٹرک پھنس کر رہ گئے ہیں، جبکہ مسافروں بالخصوص خواتین، بچوں اور بزرگوں کو سفری مشکلات کا سامنا ہے۔ عینی شاہدین کے مطابق الیوسف کوچ معمول کے سفر پر گامزن تھی کہ اچانک فائرنگ کی زد میں آگئی۔ زخمیوں کو فوری طور پر قریبی اسپتالوں میں منتقل کیا گیا ہے جہاں بعض کی حالت تشویشناک بتائی جا رہی ہے۔
سیکیورٹی اداروں نے علاقے میں اضافی نفری تعینات کر کے ناکہ بندی سخت کر دی ہے۔ امدادی ٹیمیں اور قانون نافذ کرنے والے ادارے زخمیوں کی منتقلی اور شاہراہ کو کلیئر کرنے کی کوششوں میں مصروف ہیں۔
انتظامیہ نے شہریوں اور مسافروں سے اپیل کی ہے کہ موجودہ صورتحال کے پیش نظر کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر غیر ضروری سفر سے مکمل گریز کریں اور سفر سے قبل ضلعی انتظامیہ یا نیشنل ہائی وے حکام سے تازہ صورتحال ضرور معلوم کریں۔ عوام کو افواہوں پر کان نہ دھرنے اور صرف مستند معلومات پر اعتماد کرنے کی بھی ہدایت کی گئی ہے۔
دوسری جانب جھڑپوں کے باعث علاقے میں کاروباری سرگرمیاں بری طرح متاثر ہوئی ہیں، جبکہ کئی مقامات پر موبائل فون سروس میں بھی تعطل ہے۔ سیکیورٹی فورسز کی جانب سے علاقے کو مکمل طور پر محفوظ بنانے کے لیے کارروائیاں جاری ہیں۔

WhatsApp
Get Alert