بندوق نہیں، قلم ہی قوموں کی ترقی کا راستہ ہے، بلوچستان کا مستقبل پاکستان سے وابستہ ہے: میر ضیاء اللہ لانگو


کوئٹہ(قدرت روزنامہ) صوبائی وزیر داخلہ میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا ہے کہ بلوچستان کا مستقبل پاکستان سے وابستہ ہے اور قوموں کی ترقی بندوق نہیں بلکہ قلم، تعلیم اور شعور کے ذریعے ممکن ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دہشت، تشدد اور انتہا پسندی سے صرف تباہی اور اندھیرے جنم لیتے ہیں، جبکہ قلم ہی وہ طاقت ہے جو قوموں کو ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن کرتی ہے۔
یہ بات انہوں نے نوجوانوں کے مختلف وفود سے ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے کہی۔ وزیر داخلہ نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ تشدد اور انتہا پسندی کے راستے سے گریز کریں، کیونکہ یہ راستہ نہ صرف ان کی اپنی زندگیوں بلکہ بلوچستان کے امن و استحکام کے لیے بھی نقصان دہ ہے۔
میر ضیاء اللہ لانگو نے کہا کہ جو نوجوان ہتھیار اٹھا کر پہاڑوں کا رخ کرتے ہیں، وہ اپنے روشن مستقبل کو خطرے میں ڈالنے کے ساتھ صوبے کی ترقی کو بھی متاثر کرتے ہیں۔ انہوں نے خواتین کے اس قسم کی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر بھی تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ ایک خطرناک رجحان ہے جس کی حوصلہ شکنی ضروری ہے۔
انہوں نے کہا کہ بلوچستان کے نوجوان بے پناہ صلاحیتوں کے حامل ہیں اور اگر وہ اپنی توانائیاں تعلیم، تحقیق اور مثبت سرگرمیوں پر صرف کریں تو نہ صرف اپنی زندگی بہتر بنا سکتے ہیں بلکہ صوبے اور ملک کی ترقی میں بھی مؤثر کردار ادا کر سکتے ہیں۔
صوبائی وزیر داخلہ نے مزید کہا کہ حکومت نوجوانوں کو معیاری تعلیمی سہولیات اور بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے عملی اقدامات کر رہی ہے تاکہ وہ محفوظ اور روشن مستقبل کی جانب گامزن ہو سکیں۔ انہوں نے نوجوانوں پر زور دیا کہ وہ منفی سرگرمیوں سے دور رہ کر مثبت سوچ اپنائیں اور اپنے کردار سے معاشرے میں بہتری لانے میں اپنا حصہ ادا کریں۔

WhatsApp
Get Alert