شاہراہیں غیر محفوظ، بلوچستان حکومت کے پاس قیام امن کی کوئی حکمت عملی نہیں: ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی


کوئٹہ(ڈیلی قدرت) ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے مرکزی بیان میں صوبے کی قومی شاہراہوں اور مختلف اضلاع میں امن و امان کی خراب صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے مسلط نااہل حکومت کی بے حسی اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے مؤثر اقدامات نہ کرنے کی سخت الفاظ میں مذمت کی گئی ہے۔
بیان میں کہا گیا ہے کہ حالات سے مجبور ہو کر تاجر برادری اور ٹرانسپورٹر طبقہ صوبے کے اندرونی اضلاع میں تجارتی نقل و حرکت سے انکار کر چکا ہے، جبکہ کوئٹہ کراچی اور ملک کے دیگر صوبوں کو جانے والی شاہراہیں پوری طرح غیر محفوظ اور حکومتی و انتظامی اداروں کے قابو سے باہر ہو چکی ہیں۔ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کا کہنا ہے کہ موجودہ مسلط حکومت اور فارم 47 کے اسمبلی ممبران کے ہوتے ہوئے صورتحال کسی طرح قابو میں نہیں آ سکتی، کیونکہ اس اسمبلی اور حکومت کے پاس عوام کے پاس جانے اور قیام امن کے لیے کوئی لائحہ عمل یا حکمت عملی موجود ہی نہیں۔ اس اسمبلی کے ذریعے جو بھی آگے آئے گا، وہ صرف پروٹوکول حاصل کرے گا، عوام کو دینے کے لیے ان کے پاس کوئی مینڈیٹ نہیں ہوگا۔
بیان کے آخر میں انتظامی و قانون نافذ کرنے والے اداروں سے پرزور مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ قومی شاہراہوں سمیت صوبے میں امن و امان کی صورتحال پر قابو پانے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بنائیں۔

WhatsApp
Get Alert