حکومت کا کورونا کے خلاف اقدامات پر ’یادگاری نشان‘ تعمیر کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد (قدرت روزنامہ) حکومت کا کورونا کے خلاف اقدامات پر ’یادگاری نشان‘ تعمیر کرنے کا فیصلہ کرلیا ، گزشتہ دوسالوں کے دوران عالمی وباء کے خلاف جاری جنگ میں بھرپور اقدامات کرنے پر ’ کووڈ مونومنٹ‘ اسلام آباد میں تعمیر کیا جائے گا ، رواں ماہ کووڈ مونومنٹ تیار کرکے اسلام آباد میں نصب کیا جائے گا جس کا افتتاح وزیر اعظم عمران خان کریں گے .
ایکسپریس نیوز کے مطابق یادگاری نشان میں حکومت کی جانب سے کورونا سے بچاؤ کیلئے کیے جانے والے اقدامات کو اجاگر کیا جائے گا، اس یادگاری نشان میں کورونا وائرس کی شکل کا نشان ہو گا ، جس کی افتتاحی تقریب میں عالمی ادارہ صحت اور ایسے غیر ملکی سفارت کاروں کو مدعو کیا جائے گا جو کورونا وباء کی وجہ سے سب سے زیادہ متاثر ہوئے .

بتایا گیا ہے کہ مذکورہ تقریب میں پاکستان میں حکومت کی جانب سے کیے جانے والے اقدامات پر بھی روشنی ڈالی جائے گی اور دنیا بھر میں یہ پیغام دیا جائے گا کہ حکومت پاکستان نے کورونا وائرس سے نمٹنے کے لیے بروقت اور موثر اقدامات کیے جس کے لیے تقریب کے شرکاء کو این سی او سی کے فیصلوں اور ان کی گائیڈلائن کے حوالے سے بھی بتایا جائے گا .

علاوہ ازیں حکومت نے کورونا کی حفاظتی ویکسین کے انتظامات کرنے پر ملک بھر میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والوں کو خصوصی ایوارڈ دینے کا فیصلہ کیا ہے ، جس ضلع میں ویکسی نیشن کی شرح زیادہ ہوگی، اس ضلع کے ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور ان کے نامزد کردہ ملازمین کو خصوصی ایوارڈ سے نوازا جائے گا ، یہ ایوارڈ صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی دیں گے ، تقریب میں ویکسی نیٹرزکو بھی ایوارڈ دیے جائیں گے ، ایوارڈ ایسے ملازمین کو دیے جائیں گے جس نے کووڈ ویکسی نیشن مہم کے دوران بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کیا .

. .

متعلقہ خبریں