راولپنڈی ؛ گھر میں گیس سلینڈر کا دھماکہ ‘ خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد زخمی

راولپنڈی(قدرت روزنامہ) پنجاب کے ضلع راولپنڈی میں گھر میں ہوئے گیس سلینڈر کے دھماکے سے 9 افراد زخمی ہوگئے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق گیس سلینڈر دھماکہ راولپنڈی کے علاقہ بنگش کالونی کے ایک گھر میں ہوا ، جس کے باعث خواتین اور بچوں سمیت 9 افراد زخمی ہوگئے ، اس خوفناک دھماکے میں جھلس کر زخمی ہونے والوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا۔
بتایا گیا ہے کہ دھماکہ گیس سیلنڈر سے گیس لیکج کے باعث ہوا ، دھماکے کی وجہ سے متاثرہ گھر سے جڑے ہوئے دیگر گھروں کو بھی شدید نقصان پہنچا ، دھماکے کے بعد جائے وقوع پر پولیس حکام اور ریسکیو کے رضاکاروں نے پہنچ کر امدادی کارروائیوں کا آغاز کردیا۔ اسی طرح ٹوبہ ٹیک سنگھ کی تحصیل پیرمحل کے نواحی گاؤں میں ایک انتہائی افسوس ناک واقعہ پیش آیا جہاں گھر میں گیس لیکج کے باعث آگ لگ گئی جس سے جھلس کر 7 افراد جاں بحق اور 4 زخمی ہوگئے ، واقعے بعد ریسکیو ٹیموں کو اطلاع دی گئی جنہوں نے موقع پر پہنچ کر آگ پر قابو پالیا، آگ سے جھلس کر زخمی ہونے والوں کو ابتدائی طبی امداد کے بعد ڈسکہ سول اسپتال منتقل کردیا گیا جب کہ 3 افراد کو تشویشناک حالت کے پیش نظر گوجرانوالہ اسپتال منتقل کردیا گیا ، جاں بحق ہونے والوں میں 5 خواتین اور2 بچے بھی شامل ہیں۔

وزیر اعلی پنجاب عثمان بزدار نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں گھر میں آتشزدگی سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا اور واقعہ میں جاں بحق افراد کے لواحقین سے دلی ہمدردی و اظہار تعزیت کیا، انہوں نے کہا کہ آتشزدگی سے قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر دلی صدمہ ہوا، جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کے شریک ہیں، وزیراعلی عثمان بزدار نے واقعہ کے بارے میں انتظامیہ سے رپورٹ طلب کرتے ہوئے تحقیقات کا حکم دے دیا۔