اگر جاہل ملک کی رہنمائی کرے تو وہ سب کو جاہل اور ناسمجھ بنانا چاہے گا، نصیرالدین شاہ
اس وقت میرا دل بھرا ہوا ہے اور میں غصے سے کھول بھی رہا ہوں یہ دیکھ کر کہ ہمارے بچوں کے ساتھ کس طرح ظلم کیا جا رہا ہے؛ بھارتی اداکار احتجاجی مظاہرین پر تشدد پر برہم

نئی دہلی(قدرت روزنامہ)بالی ووڈ کے سینئر اداکار نصیر الدین شاہ نے نئی دہلی کے جنتر منتر پر کاکروچ جنتا پارٹی کے زیرِ اہتمام ہونے والے طلبہ احتجاج کی کھل کر حمایت کر دی، انہوں نے سوشل میڈیا پر ویڈیو جاری کرتے ہوئے مظاہرین پر تشدد کی شدید الفاظ میں مذمت کی اور ملک کے رہنماؤں کو جاہل اور بے رحم قرار دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق نصیر الدین شاہ نے انسٹاگرام پر اپنی ویڈیو میں طلبہ پر تشدد پر شدید غصے اور برہمی کا اظہار کیا، انہوں نے کہا کہ میں دو باتیں کہنا چاہوں گا، پہلی بات تو یہ کہ اگر ایک جاہل ملک کی رہنمائی کرے تو اس کا دل یہی چاہے گا کہ پورا ملک اسی کی طرح جاہل، ناسمجھ، ناقابل اور بے رحم بنے۔
بطور ٹیچر اپنے تجربے کا حوالہ دیتے ہوئے نصیرالدین شاہ کہتے ہیں کہ اس وقت میرا دل بھرا ہوا ہے اور میں غصے سے کھول بھی رہا ہوں یہ دیکھ کر کہ ہمارے بچوں کے ساتھ کس طرح ظلم کیا جا رہا ہے، ان غنڈوں کے ہاتھ سے جو مجھے امریکہ کے آئی سی ای ایجنٹس کی یاد دلاتے ہیں، منہ پر نقاب لگائے اور ہاتھ میں ڈنڈا لیے ہوئے، کبھی اپنے بچوں کے بارے میں بھی سوچا کرو اور یہ بھی سوچو کہ تمہارا انجام تمہیں بھی ایک دن ضرور ملے گا۔
انہوں نے احتجاج کرنے والے تمام طالب علموں کی ہمت بڑھاتے ہوئے کہا کہ ہمت نہ ہاریں، بہت سے لوگوں کی ہمدردی آپ کے ساتھ ہے، لڑتے رہیں، مجھے اپنے ملک کی نوجوان نسل سے ہمیشہ امید رہی ہے اور اب وہ امید مزید اجاگر ہو گئی ہے، ہم سب آپ کے ساتھ ہیں اور اس ملک کی حکومت کو صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ سب یاد رکھا جائے گا۔
واضح رہے کہ طالب علموں کا یہ احتجاج مبینہ نیٹ (NEET) امتحانی پرچہ لیک اسکینڈل کے بعد بھارتی وزیرِ تعلیم دھرمیندر پردھان کے استعفے کے مطالبے کے لیے کیا جا رہا ہے، مظاہرین کا کہنا ہے کہ اس اسکینڈل کے باعث متعدد طلبہ شدید ذہنی دباؤ کا شکار ہوئے، مختلف رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ اس اسکینڈل اور ذہنی تناؤ کے باعث کم از کم 12 طلبہ خودکشی بھی کر چکے ہیں۔
