سیشن جج پر حملہ امن و امان کے خلاف ہے، ملوث عناصر گرفتار کیے جائیں: میر لیاقت لہڑی

کوئٹہ (ڈیلی قدرت)پارلیمانی سیکرٹری ٹرانسپورٹ و رکنِ بلوچستان اسمبلی میر لیاقت لہڑی نے سیشن جج عبدالحکیم کاکڑ پر ہونے والے حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے سیشن جج اور ان کے گن مین کی شہادت پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عدلیہ اور قانون نافذ کرنے والے اداروں سے وابستہ افراد پر حملے ناقابلِ قبول ہیں اور ایسے واقعات امن و امان کے خلاف ہیں۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے میں ملوث عناصر کو فوری طور پر گرفتار کرکے قانون کے مطابق سخت کارروائی عمل میں لائی جائے۔میر لیاقت لہڑی نے شہدا کے درجاتِ بلندی، لواحقین کے لیے صبرِ جمیل اور واقعے میں زخمی ہونے والے افراد کی جلد و مکمل صحت یابی کے لیے دعا کی۔ انہوں نے کہا کہ اللہ تعالی مرحومین کو جنت الفردوس میں اعلی مقام عطا فرمائے اور زخمیوں کو جلد صحتِ کاملہ نصیب فرمائے۔ آمین۔
