وزیراعلیٰ بلوچستان کی جنرل عامر رضا کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ تعیناتی پر مبارکباد


کوئٹہ(قدرت روزنامہ)وزیراعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے لیفٹیننٹ جنرل عامر رضا کو فور اسٹار جنرل کے عہدے پر ترقی اور کمانڈر نیشنل اسٹریٹجک کمانڈ کے منصب پر تعینات ہونے پر دلی مبارکباد پیش کی ہے۔
اپنے تہنیتی پیغام میں وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ جنرل عامر رضا کی ترقی ان کی پیشہ ورانہ صلاحیتوں، غیر معمولی قائدانہ اوصاف اور قومی دفاع کے لیے گراں قدر خدمات کا اعتراف ہے۔ انہوں نے کہا کہ جنرل عامر رضا نے اپنی عسکری ذمہ داریوں کو ہمیشہ دیانت داری، عزم اور اعلیٰ پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیا ہے، جس کے باعث انہیں یہ اہم ذمہ داری سونپی گئی ہے۔
میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ جنرل عامر رضا کی قیادت میں پاکستان کی اسٹریٹجک دفاعی صلاحیتیں مزید مضبوط، مؤثر اور مستحکم ہوں گی، جو ملک کے دفاع اور قومی سلامتی کے لیے نہایت اہمیت کی حامل ہیں۔
انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ جنرل عامر رضا اپنی نئی ذمہ داریاں کامیابی، دیانت داری اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ انجام دیتے ہوئے ملک و قوم کی مزید خدمت کریں گے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان نے جنرل عامر رضا کی صحت، کامیابی اور قومی خدمات کے تسلسل کے لیے نیک تمناؤں اور دعاؤں کا اظہار بھی کیا۔

WhatsApp
Get Alert