اسلام آباد (قدرت روزنامہ)وزیراعظم عمران خان کے معاون خصوصی ڈاکٹر شہباز گل نے کہا ہے کہ راولپنڈی پولیس ، ضلعی انتظامیہ ، پاک فوج کے جوان رات بھر متحرک رہے جس کی بدولت مری سے رات گئے 600 سے 700 گاڑیوں کو نکالا گیا . تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری کردہ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ مری کی تمام مرکزی شاہراہوں کو ٹریفک کیلئے کلیئر کر دیا گیا ہے ، مری سے رات گئے 600 سے 700 گاڑیوں کو نکالا گیا ، جس کے لیے راولپنڈی پولیس ، ضلعی انتظامیہ ،پاک فوج کے جوان اور ہمارے مقامی لوگ رات بھر متحرک رہے ، راولپنڈی اسلام آباد سے مری آنے والے راستوں پر پولیس موجود ہے ، راستے آج بھی بند رہیں گے .
مری کی تمام مین شاہراہوں کو ٹریفک کے لیے کلیئر کر دیا گیا ہے . مری سے رات گئے 600 سے 700 گاڑیوں کو نکالا گیا، راولپنڈی پولیس، ضلعی انتظامیہ،پاک فوج کے جوان اور ہمارے مقامی لوگ رات بھر متحرک رہے . راولپنڈی اسلام آباد سے مری آنے والے راستوں پر پولیس موجود ہے، راستے آج بھی بند رہیں گے pic.twitter.com/Bdr5QOOO2H
— Dr. Shahbaz GiLL (@SHABAZGIL) January 9, 2022
ادھر چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز نے کہا ہے کہ مری میں پھنسے تمام سیاحوں کو ریسکیو کرلیا گیا ‘ 90 فیصد سڑکیں کھل گئیں، برف باری میں پھنسے تمام سیاحوں کو محفوظ مقامات پر بھیج دیا گیا ہے ، 371 افراد کو آرمی ریلیف کیمپوں میں منتقل کیا گیا ، جس کے لیے ریسکیو کا کام پاک فوج اور سول اداروں سب نے مل کر سرانجام دیا جب کہ سیاحوں کی منتقلی میں مقامی افراد نے بھی مدد کی ، جس کی بدولت سیاحوں کو رات سے قبل ہی محفوظ مقامات پر منتقل کردیا گیا .
لیفٹیننٹ جنرل اختر نواز نے اے آر وائی نیوز سے گفتگو میں بتایا کہ کلڈانہ باڑیاں روڈ کھولنے کا کام جاری ہے ، اس سڑک پر 77 گاڑیاں پھنسی ہوئی ہیں تاہم جو گاڑیاں پھنسی ہیں ان میں سیاح نہیں ہیں، وہ گاڑیاں چھوڑ کر خود ہی محفوظ مقامات پر منتقل ہو گئے تھے، اب کلڈانہ باڑیاں کے علاوہ تمام سڑکیں کھول دی گئی ہیں .