اسحاق ڈار اور ایرانی وزیر خارجہ عباس عراقچی کی ملاقات، علاقائی امن کے لیے سفارتی روابط جاری رکھنے پر اتفاق

اسلام آباد (قدرت روزنامہ)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے شنگھائی تعاون تنظیم (ایس سی او) کے وزرائے خارجہ کونسل اجلاس کے موقع پر ایران کے وزیر خارجہ سید عباس عراقچی سے ملاقات کی جس میں دو طرفہ تعلقات اور خطے کی بدلتی ہوئی صورتحال پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا گیا۔
وزارت خارجہ کے مطابق دونوں رہنماؤں نے پاکستان اور ایران کے درمیان قریبی اور دیرینہ تعلقات کا اعادہ کرتے ہوئے باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر گفتگو کی۔
اس موقع پر اسحاق ڈار نے حالیہ علاقائی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پائیدار امن اور استحکام کے لیے تمام فریقوں کو مذاکرات، تحمل، کشیدگی میں کمی اور مسلسل سفارتی رابطوں کو فروغ دینا ہوگا۔
انہوں نے اس بات پر بھی زور دیا کہ جون 2026 میں طے پانے والے اسلام آباد مفاہمتی یادداشت (اسلام آباد ایم او یو) کے تحت ہونے والی پیش رفت کو آگے بڑھایا جانا چاہیے تاکہ خطے میں دیرپا امن اور استحکام یقینی بنایا جا سکے۔
ایرانی وزیر خارجہ سید عباس عراقچی نے خطے میں امن و سلامتی کے فروغ کے لیے پاکستان کی مسلسل سفارتی حمایت اور مثبت کردار کو سراہا۔
انہوں نے ایرانی ماہی گیروں اور عملے کی محفوظ وطن واپسی میں پاکستان کے تعاون پر بھی شکریہ ادا کیا جن میں وہ افراد بھی شامل تھے جنہیں امریکی حکام نے مختلف کارروائیوں کے دوران حراست میں لیا تھا۔
عراقچی نے کہا کہ پاکستان نے ایرانی، امریکی اور دیگر متعلقہ حکام کے ساتھ مؤثر رابطہ کاری کرتے ہوئے ان افراد کی پاکستان کے راستے محفوظ واپسی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کیا۔
ملاقات میں دونوں وزرائے خارجہ نے باہمی دلچسپی کے امور پر قریبی رابطے اور باقاعدہ مشاورت جاری رکھنے پر اتفاق کیا جبکہ خطے میں امن، استحکام اور مشترکہ خوشحالی کے لیے مل کر کام کرنے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
