جنوبی افریقی کرکٹ بورڈ کی آئی پی ایل کیلئے ہاں پی ایس ایل کیلئے ناں

لاہور (قدرت روزنامہ) سابق افریقی کپتان گریم سمتھ نے کہا ہے کہ کرکٹرز کی انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک مصروفیات پہلی ترجیح ہیں اور اسی لیے پی ایس ایل کیلئے این اوسی جاری نہیں کیے۔ کرکٹ ساؤتھ افریقہ کے ڈائریکٹر گریم سمتھ نے کہا ہے کہ کنٹریکٹ یافتہ کرکٹرز کی انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک مصروفیات پہلی ترجیح ہیں، اسی لیے پی ایس ایل کیلئے این اوسی جاری نہیں کیے، دورہ نیوزی لینڈ، بنگلادیش کیخلاف ہوم سیریز سمیت انٹرنیشنل مقابلوں کیلیے کھلاڑیوں کا فٹ اور دستیاب ہونا سب سے زیادہ ضروری ہے، اسی طرح ڈومیسٹک فرنچائز کرکٹ ٹورنامنٹس کی اہمیت کو بھی نظر انداز نہیں کرسکتے۔
انہوں نے کہا کہ مستقبل میں بھی اگر دیگر ملکوں کی ٹی ٹونٹی لیگز میں شرکت کا موقع ہوا اور کھلاڑیوں کی انٹرنیشنل اور ڈومیسٹک مصروفیات کیلیے ضرورت نہ ہوئی تو ان کو خوشی سے این او سی جاری کردیے جائیں گے۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل کے 12دسمبر کو ہونے والے ڈرافٹ میں منتخب ہونے والے عمران طاہر، رائیلی روسو اور مرچنٹ ڈی لینگے سینٹرل کنٹریکٹ نہیں رکھتے،اس لیے ان کی پی ایس ایل میں شرکت پر کوئی مسئلہ نہیں ہوگا لیکن کرکٹ ساؤتھ افریقہ کی جانب سے این اوسی نہ ملنے کی وجہ سے کوئی پروٹیز کرکٹر منی ڈرافٹ کیلیے دستیاب نہیں تھا۔ یاد رہے کہ اس سے قبل گزشتہ سال پاکستان سے سیریز کے دوران جنوبی افریقہ نے اپنے کھلاڑیوں کو آئی پی ایل میں شرکت کی اجازت دے دی تھی۔