پاکستان کو پی ٹی آئی کی حکومت نے دیوالیہ کر دیا ، احسن اقبال

نارووال(قدرت روزنامہ) پاکستان مسلم لیگ ن کے رہنماء احسن اقبال نے کہا ہے کہ پاکستان کو پی ٹی آئی کی حکومت نے دیوالیہ کر دیا ، سانحہ مری میں حکومت کی بے حسی کی وجہ سے شہریوں کی جان و مال کا نقصان ہوا ، لاکھوں گاڑیوں کا مری میں داخلہ اور حکومت کی بے خبری پر سوالیہ نشان ہے ، اب پاکستان کو بچانے کا وقت آ گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ بے بس سیاح مری کی سردی میں بے یارو مددگار زندگی کی بازی ہارگئے ، عمران خان کی نااہل حکومت نے عوام کا جینا مشکل کر دیا ہے ، نااہل اور ناکام حکومت کو رخصت کرکے عوام کو تباہی سے بچا سکتے ہیں ، کیوں کہ اس وقت پی ٹی آئی حکومت نے ملک میں گیس کا بھی بحران پیدا کر دیا ہے ، اب ملک میں گندم کا شدید بحران آنے والا ہے ، پاکستان سے یوریا کھاد پہلے ہی بیرون ممالک اسمگل کی جا رہی ہے۔

مسلم لیگ ن کے رہنماء نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت کی نااہلی اور ناکامی کی ذمہ دار ماضی کی حکومت نہیں ہے ، عمران خان کو اپنی کرپشن اور نااہلی کا جواب دینا ہو گا، ن لیگ وفاق کی سیاسی جماعت ہے جو عوام کے دلوں میں رہتی ہے ، پی ڈی ایم کی جماعتیں پہلے ہی لانگ مارچ کا اعلان کر چکی ہے ، پیپلز پارٹی کے لانگ مارچ کا خیر مقدم کرتے ہیں کیوں کہ پاکستان کو پی ٹی آئی کی حکومت نے دیوالیہ کر دیا ہے۔
دوسری جانب سابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر) شبر زیدی نے کہا کہ ملک کے دیوالیہ ہونے سے متعلق میرے بیان کو غلط رپورٹ کیا جا رہا ہے ، نجی یونیورسٹی میں میری تقریر ڈیڑھ گھنٹے کی تھی لیکن صرف 3 منٹس کو نکال کر پیش کیا جا رہا ہے ، مسلسل کرنٹ اکاؤنٹ اور مالیاتی خسارے کے ساتھ دیوالیہ ہونے اور اگے بڑھنے کے مسائل ہیں لیکن اس کے حل پر توجہ دیں۔
انہوں نے کہا میں نے صرف یہ بتایا تھا کہ موجودہ کرنٹ اکاؤنٹ اور مالی خسارے کے معاملات دیوالیہ جیسی تشویش ناک صورتحال ظاہر کر رہے ہیں جنہیں حل کرنے کی ضرورت ہے ، ملک کے دیوالیہ ہونے سے متعلق میرے بیان کو غلط رپورٹ کیا جا رہا ہے ، میں نے جو کہا وہ بنیاد اور یقین کے ساتھ کہا، صرف اتنا کہنا چاہتا ہوں کہ پوری تقریر کو پڑھ اور سن لیں۔